پنجاب پولیس ”خادم اعلیٰ“کی خادم بننے کے بجائے عوام کی محافظ بنے ‘میاں محمود الرشید ،تحریک انصاف کے کارکنان آج تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ڈی چوک میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کیلئے پہنچیں گے ،گیلپ سروے کے گپ سروے پر فخر کا اظہار کرنے والے حکمران فافن کی رپورٹ کا بھی مطالعہ کرلیں ‘ اپوزیشن لیڈر کی کارکنان اور میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 مئی 2014 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مئی۔2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ”خادم اعلیٰ“کی خادم بننے کے بجائے عوام کی محافظ بنے ‘کنٹینرز کھڑے اور راستے بلاک کرکے تحریک انصاف کے احتجاج کوروکنے کیلئے حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہوں گے اور آج لاکھوں عوا م کا سمندر حکمرانوں کو سرپرائز دے گا‘تحریک انصاف کے کارکنان آج تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ڈی چوک میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کیلئے پہنچیں گے اور دنیا کی کوئی طاقت تحریک انصاف کا راستہ نہیں روک سکتی ‘گیلپ سروے کے گپ سروے پر فخر کا اظہار کرنے والے حکمران فافن کی رپورٹ کا بھی مطالعہ کرلیں ۔

ہفتہ کے روز پارٹی کارکنان اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمودا لرشید نے کہاکہ تحریک انصاف کا دھاندلی کے خلاف احتجاج قومی امنگوں کی ترجمانی ہے اور تحریک انصاف کے کارکنان آج حکومتی رکاوٹوں کو روندتے ہوئے ڈی چوک میں پہنچیں گے اور حکمرانوں کی پولیس کے ذریعے تحریک انصاف کے احتجاج کو روکنے کی کوششیں بھی ناکام ہوں گی ‘پنجاب کے صوبائی وزراء بھی پولیس کے ذریعے احتجاج کو ناکام بنانے کی سازشیں کرکے سیاسی دہشت گردی کر رہے ہیں وہ ایسی سیاسی دہشت گردی سے باز آجائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے کارکنان متحد ہیں اور وہ کسی بھی اوچھے ہتھکنڈے سے خوفزدہ ہونے والے نہیں اور آج دھاندلی کے خلاف بھر پور احتجاج کرکے ثابت کردیں گے کہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ اور حکمرانوں کے خلاف متحد ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکمران کان کھول کرسن لیں کہ کرپٹ دھاندلی زدہ نظام اور جمہوریت ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔میاں محمود الرشید نے کہاکہ ہم تو صرف 4حلقوں میں دھاندلی کی بات کرتے ہیں لیکن غیر جانبدار عالمی تنظیمیں 40حلقوں میں دھاندلی کے ثبوت دے رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں