سویڈن کے دو اعلیٰ سطحی وفود رواں سال پاکستان کا دورہ کر کے تجارتی و معاشی رشتوں کو مزید بہتر خطوط پر استوار کریگا ‘ ٹامس روسانڈر ،سکیورٹی، توانائی کی قلت اور ماحولیات کے مسائل دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو متاثر کررہے ہیں‘ پاکستان میں سویڈن کے سفیر کی گفتگو

پیر 28 اپریل 2014 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل۔2014ء) پاکستان میں سویڈن کے سفیر ٹامس روسانڈرنے کہا ہے کہ سویڈن کے دو اعلیٰ سطحی وفود رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی رشتوں کو مزید بہتر خطوط پر استوار کرنا ہے۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ نائب صدر کاشف انور، سابق سینئر نائب صدور اعجاز اے ممتاز، شیخ محمد ارشد، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید، بابر محمود چودھری، طلحہ طیب بٹ، میاں تشرف جاوید، ممشاد علی اور چودھری محمد اسلم نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

سفیر نے کہا کہ سویڈش پارلیمنٹ کے سپیکر کی سربراہی میں پہلے وفد کا دورہ مئی میں متوقع ہے جس میں بڑی کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجر بھی شامل ہونگے جو پاکستان کے ساتھ اپنی تجارت کو وسعت دینا چاہتے ہیں جبکہ دوسرا وفد ماحولیات سے متعلقہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی، توانائی کی قلت اور ماحولیات کے مسائل دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو متاثر کررہے ہیں۔

انہوں نے موجودہ پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پاکستان جلد ہی تجارت و معیشت کے حوالے سے بہترین ملک بن جائے گا۔ پاکستان میں کام کرنے والی سویڈش کمپنیاں دونوں ممالک کے بہترین تعلقات کا ثبوت ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط کومستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس سلسلے میں سفیر سے مدد کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ سنگل کنٹری نمائش اور پاکستانی وفد کے دورہ سویڈن کا اہتمام کرکے سویڈش سفارتخانہ مطلوبہ نتائج کے حصول میں اہم کردار ادا کرسکتاہے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے سفیر کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر نے آئی ایف سی کے اشتراک سے عالمی معیار کا ثالثی سنٹر بھی قائم کررکھا ہے جو کاروباری تنازعات عدالت سے باہر نمٹانے میں مدد دے رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں