پنجاب حکومت کا غبارے کے پھٹنے سے جھلس کر ہلاک ہونے والے بچے کے ورثاء کے لئے ساڑھے پانچ لاکھ امداد کا اعلان،زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دئیے جائینگے،حکومت گیس کے غباروں بارے احتیاطی تدابیر سے آگاہی کی مہم چلائے گی‘ سلمان رفیق

اتوار 27 اپریل 2014 17:44

پنجاب حکومت کا غبارے کے پھٹنے سے جھلس کر ہلاک ہونے والے بچے کے ورثاء کے لئے ساڑھے پانچ لاکھ امداد کا اعلان،زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دئیے جائینگے،حکومت گیس کے غباروں بارے احتیاطی تدابیر سے آگاہی کی مہم چلائے گی‘ سلمان رفیق

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت گیس کے غباروں کے پھٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر بارے بہت جلد آگاہی مہم چلائے گی-انہوں نے کہا کہ گیس کے غباروں کے پھٹنے کے حالیہ واقعہ کے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے بچے کے لواحقین کے لئے وزیراعلی پنجاب کی جانب سے مالی امداد مہیا کردی گئی ہے-انہوں نے یہ بات جناح ہسپتال میں زیرعلاج گیس کے غباروں کے حادثہ میں زخمی ہونے والے لڑکوں کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی- اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر اعجاز منیر، پروفیسر معظم نذیر تارڑ ، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرؤف اور ای ڈی او صحت لاہور ڈاکٹر ذوالفقار علی بھی موجودتھے-خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ اس وقت جناح ہسپتال میں اس حادثہ کے 14زخمی زیرعلاج ہیں جن کی حالت مکمل طور پر خطرے سے باہر ہے اورتمام زخمیوں کو پرائیویٹ وارڈ میں رکھ کر علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں- اس موقع پر پروفیسر معظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ جناح ہسپتال میں ہر ماہ بچوں کی سالگرہ کے موقع پر گیس کے غباروں کے پھٹنے سے زخمی ہونے والے متعدد بچے لائے جاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ گیس کے غباروں کو جلتی ماچس یا سگریٹ لگائی جائے تو وہ دھماکے سے پھٹتے ہیں اور آگ لگتی ہے لہذا لوگوں کو گیس کے غباروں کو جلتی سگریٹ یا ماچس لگانے سے احتیاط برتنی چاہیے- خواجہ سلمان رفیق نے اس حوالے سے کہا کہ وہ جلد آگاہی مہم چلانے کے لئے اقدامات کریں گے-خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر غباروں کے حادثہ میں ہلاک ہونے والے بچے کے لواحقین کے لئے ساڑھے پانچ لاکھ جبکہ زخمی ہونے والوں کے لئے فی کس ایک لاکھ روپے امداد مہیا کردی گئی ہے-قبل ازیں خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری صحت کے ہمراہ جناح ہسپتال میں زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کی اور علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے معلومات حاصل کیں-

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں