پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ 2015کی تیاری کے لئے حکمت عملی تیار کرلی

ہفتہ 26 اپریل 2014 13:53

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ 2015کی تیاری کے لئے حکمت عملی تیار کرلی

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26اپریل 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ 2015کی تیاری کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے مطابق تین ٹیمیں بنائی جائیں گی۔ جن میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ میں موقع دیاجائے گا۔ذرائع کے مطابق آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ 2015 میں ایک سال سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے قومی ٹیم کی محدود اوورز کی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی مایوس کن ہے۔

ایشین اعزاز گنوانے کے بعد ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم پہلی بار سیمی فائنل میں بھی جگہ نہیں بناسکی۔ دس ماہ کے مختصر وقت میں پی سی بی کو ورلڈ کپ کے لئے مضبوط اور متوازن اسکواڈ تشکیل دینے کا چیلنج درپیش ہے جو میگا ایونٹ میں قوم کی توقعات کو پورا کرسکے۔ اس مقصد کی خاطر بورڈ نے تین ٹیمیں بنانے کافیصلہ کیا ہے جو ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی۔

(جاری ہے)

پاکستان گرین،وائٹ اور بلیو میں ملک کے بہترین کرکٹرز کو منتخب کیاجائے گا۔ تمام منتخب کھلاڑی نیشنل اکیڈمی میں قومی کوچز کی زیر نگرانی تربیت حاصل کریں گے۔جس کے بعد تینوں ٹیموں کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے۔جن میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑی عالمی کپ کے لئے نشست بک کرانے میں کامیاب ہوں گے۔ منصوبے پرعمل کے لئے سب سے پہلے سلیکشن کمیٹی اورکوچنگ اسٹاف کی تقرری ضروری ہے جسے اس ماہ مکمل کر لیا جائیگا۔،منصوبے پر عمدگی سے عمل کرکے عالمی کپ کے لئے میرٹ پر بہترین اسکواڈ تشکیل دیا جاسکتاہے تاہم اس پر عمل کب اورکس طرح ہوگا۔ اس کا جواب تو وقت ہی دے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں