انجمن پٹواریان پنجاب کا وزیر بلدیات سے ملاقات کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان ،اس وقت پنجاب میں 8000 پٹوار سرکل ہیں،ہر پٹوار سرکل میں حکومت خود پٹوار خانے تعمیر کریگی ‘ رانا ثناء اللہ

جمعہ 25 اپریل 2014 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل۔2014ء) صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ خاں سے انجمن پٹواریان پنجاب کے 14 رکنی وفد نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران پٹواریوں کے نمائندہ وفد نے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے خلاف جاری احتجاج فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف، چیئرمین پی اینڈ ڈی عرفان الہی، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو رائے جاوید احمد کے علاوہ انجمن پٹواریان پنجاب کے صدر چوہدری عبدالمجید جٹ، جنرل سیکرٹری ملک زاہد افضل، ممبر سپریم کونسل طارق جاوید گجر اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پٹواری صاحبان بھی موجود تھے۔

رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے عمل کے دوران یا بعد ازاں کسی پٹواری کو نوکری سے فارغ نہیں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی پٹواری کے خلاف شکایت کی صورت میں محکمانہ انکوائری کے بعداس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر پٹواریوں کے مسائل کے حل کے ضمن میں صوبائی سطح پر کمیٹی تشکیل دی جس میں انجمن پٹواریان کے تین نمائندے اس کے ممبر ہونگے جبکہ ضلعی سطح پر بھی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں 8000 پٹوار سرکل ہیں۔ہر پٹوار سرکل میں حکومت خود پٹوار خانے تعمیر کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پٹواریوں کی محکمانہ ترقی کے عمل کو سٹریم لائن کیا جائے گا ۔ انہوں نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ وہ صوبہ میں پٹوار خانوں میں خالی سیٹوں کا ریکارڈ حکومت کو ارسال کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں بتدریج بہتری لانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہی قومیں تاریخ میں زندہ رہتی ہیں جنہوں نے وقت کے ساتھ چلنا سیکھا ہو ۔لینڈ کمپیوٹرائزیشن وزیر اعلی پنجاب کا ایسا اقدام ہے جس سے زمینوں کی ریکارڈ سازی کا کام انتہائی سہل ہو جائے گا ۔ بعد ازاں صدر انجمن پٹواریان پنجاب چوہدری عبدالمجید جٹ نے کہا کہ پٹواری حکومت کی کسی پالیسی کے خلاف نہیں اور وہ ہر حکومتی پالیسی پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے کامیاب مذاکرات کی روشنی میں انجمن پٹواریان پنجاب اب احتجاج کے خاتمے کا اعلان کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں