حامد میر کے معاملے پر جو ڈیشنل انکوائری آنے تک کسی کو بھی تبصرہ نہیں کرنا چاہیے ..
تازہ ترین : 1

حامد میر کے معاملے پر جو ڈیشنل انکوائری آنے تک کسی کو بھی تبصرہ نہیں کرنا چاہیے ‘ گورنر پنجاب ،وہ دن دور نہیں جب پاکستان موجودہ بحرانوں سے نکل کر اقوام عالم میں ایک باوقا ر اور خوشحال ملک کے طور پر جانا جائیگا‘چوہدری سرور

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2014ء)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وژن پر عمل کرتے ہوئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان موجودہ بحرانوں سے نکل کر اقوام عالم میں ایک باوقا ر اور خوشحال ملک کے طور پر جانا جائے گا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہو ں نے کوئٹہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میں زیر تربیت افسران کے69 رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے لیفٹیننٹ کرنل سیف اللہ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت، تمام سیاسی جماعتیں ، پاک فوج ، سول سوسائٹی اور میڈیا ایک نقطے پر متفق ہیں اور بہت جلد ملک سے اس ناسور کو ختم کر دیا جائے گا-انہو ں نے کہا کہ مذاکرات اور تشدد اکٹھے نہیں چل سکتے اور حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی صحیح راہ اختیار کی ہے-انہو ں نے کہا کہ توانائی کے بحران کے حل کے لیے کئی منصوبے شروع کیے گئے ہیں کیونکہ حکومت بخوبی جانتی ہے کہ توانائی کے بحران پر قابو پائے بغیر جی ایس پلس سٹیٹس سے بھرپور استفادہ نہیں کیا جاسکتا- انہو ں نے کہاکہ آج اگر روپے کی قیمت میں استحکام ہے ، شرح نمو میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار ہمارے ملک کو سرمایہ کاری کے لیے ترجیح دے رہے ہیں تویہ یقینا موجودہ حکومت کے اقتصادی وژن کے ثمرات ہیں- قبل ازیں ،ذہنی اور نفسیاتی امراض کے شکار بچوں کی بحالی کے ادارے نیشنل سوسائٹی فار مینٹلی اینڈ امیوشنلی ہینڈی کیپ چلڈرن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ خدمت انسانیت سے بڑھ کر کو ئی کام نہیں کیونکہ اس سے نہ صرف دلی تسکین حاصل ہو تی ہے بلکہ بے سہارا اور بے یارو مدد گار خصوصی افراد کی بہتر نشوونما فریضہ بھی سرانجام ہوتا ہے - گورنر پنجاب نے ادارے کے لیے اپنی ذاتی جیب سے دو لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا اور خصوصی بچوں کو گورنر ہاؤس کے دورے کی دعوت دی -میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے پرپاک فوج ، حکومت سول سوسائٹی ، سیاسی رہنما ؤں اور میڈیا نے پُرزور مذمت کی ہے جبکہ وزیر اعظم نواز شریف نے بھی جوڈیشل انکوائری کرانے کا حکم دے دیا ہے تاہم جو ڈیشنل انکوائری کی رپورٹ آنے تک ہم سب کو اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے - انہو ں نے کہا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے اور ایسے بیانات سے اجتناب کرنا چاہیے جن سے اداروں کے کمزور ہونے کا خدشہ ہو- دریں اثناء، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں لنڈا بازار لاہور کے تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 21/04/2014 - 22:11:06

اپنی رائے کا اظہار کریں