پارٹی انتخابات کے بعد بیشتر رہنما ناراض ،گروپ بندیاں بھی ہیں‘ جہانگیر ترین کا اعتراف ،حکمرانوں کے 6ماہ کے دوران لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے جھوٹ ثابت ہوئے ، تحفظ پاکستان بل کیخلاف عدالت جائینگے، سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف

جمعرات 17 اپریل 2014 23:33

پارٹی انتخابات کے بعد بیشتر رہنما ناراض ،گروپ بندیاں بھی ہیں‘ جہانگیر ترین کا اعتراف ،حکمرانوں کے 6ماہ کے دوران لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے جھوٹ ثابت ہوئے ، تحفظ پاکستان بل کیخلاف عدالت جائینگے، سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے تسلیم کیا ہے کہ پارٹی انتخابات کے بعد بیشتر رہنما ناراض ہیں اور گروپ بندیاں ہیں ،قیادت کی ہدایت پر اختلافات ختم کرانے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور جلد ہی معاملات بہتر ہو جائیں گے ، حکمرانوں ں کے 6ماہ کے دوران لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے جھوٹ ثابت ہوئے ، تحفظ پاکستان بل کو مسترد کر چکے ہیں اسکے خلاف عدالت جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنما ڈاکٹر زرقا کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ دوسری جماعتوں میں اوپر بیٹھ کر پارٹی کے معاملات چلائے جاتے ہیں لیکن تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہے اور جہاں آزادی اظہار کی آزادی ہو وہاں اختلافات ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی انتخابات کے بعد بیشتر رہنما ناراض ہیں اور پارٹی میں گروپ بندیاں بھی ہیں لیکن ان مسائل کو حل کر لیں گے ۔

میں دو روز لاہور میں اسی سلسلہ میں کردار اد اکروں گا اور لاہور کی حد تک معاملات جلد درست ہو جائیں گے۔ انہوں نے شہباز شریف کے اس بیان کہ حکومت میں آنے کے بعد ہوش اڑ گئے ہیں کا جواب دیتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ اگر ہماری جماعت اقتدار میں آتی اور ہم یہ کہتے تو بات سمجھ میں آتی تھی لیکن گزشتہ پانچ سال حکومت میں گزارنے والوں کے منہ سے یہ بات مضحکہ خیز ہے ۔ شہباز شریف نے چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کئے تھے ،ابھی موسم گرما کا آغاز نہیں ہوا تو یہ حال ہے مئی میں تو یہ دورانیہ کئی گھنٹے مزید بڑھ جائے گا۔انہوں نے تحفظ پاکستان بل کے حوالے سے کہا کہ اس پر تحریک انصاف کا واضح موقف سامنے آ چکا ہے اسکے خلاف عدالت سے رجوع کرینگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں