پنجاب میں انسداد خسرہ کی مہم آئندہ ماہ کے آخر میں متوقع، حتمی تاریخ کا اعلان آئندہ چند روز میں کیاجائیگا ‘ مشیر برائے صحت پنجاب ،حکومت نے 660ملین روپے کے فنڈز جاری کردیئے،پنجاب میں خسرہ کی وباء نہیں ، صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے‘خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 17 اپریل 2014 20:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صوبے میں خسرہ کے خلاف بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم آئندہ ماہ کے آخری ہفتے میں کرائی جائے گی تاہم مہم کی حتمی تاریخ کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت نے خسرہ کی ویکسین کی خریداری کے لئے 660ملین روپے سے زائد گرانٹ جاری کردی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران 10سال تک کی عمر کے 3کروڑ بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ انسداد خسرہ کی مہم میں گلوبل الائنس برائے حفاظتی ٹیکہ جات بھی حکومت پنجاب کے ساتھ معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خسرہ کی وبا نہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 2013 ء کے پہلے چار ماہ میں تقریبا 9ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد حکومت نے پنجاب میں خسرہ کے خلاف مہم چلائی اور مذکورہ کامیاب مہم کے نتیجے میں رواں سال اب تک خسرہ کے صرف 9مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور کسی بھی ضلع میں وبا کی صورتحال نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں