چند شر پسند عناصر ملکی سلامتی اور باہمی اتحاد کو سبوتاژ کرنے کیلئے بے بنیاد پروپیگنڈے اور افواہیں پھیلا رہے ہیں‘ چوہدری محمد سرور ،موجودہ حکومت جمہوریت پر مکمل یقین رکھتی ہے ،ملک کے تمام مقتدر ادارے جمہوریت کے تسلسل ، ملک کے استحکام و دوام ایک ہی نقطے پر متفق ہیں،گورنر پنجاب

جمعرات 17 اپریل 2014 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرو ر نے کہا ہے کہ تخلیق پاکستان کی جدوجہد ہو یا تعمیر پاکستان کا مرحلہ آمریت کے خلاف اصولی کردار ہو یا جمہوریت کی بقاء اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک ، ہمارے قومی پریس نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے جو اس ملک کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنیوٹ پر یس کلب کے دس رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے سرور علی چوہدری کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آج ملک کو سب سے زیادہ ضرورت باہمی اتحاد ، مثبت سوچ اور جذبہ حب الوطنی کی ہے ، ہم ان زری اصولوں پر چلتے ہوئے پاکستان کو اللہ کے فضل و کرم سے اس مقام پر لا کھڑا کر سکتے ہیں جو حضرت قائداعظم  اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے خوابوں کی تعبیر ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ اس وقت چند شر پسند عناصر ملکی سلامتی اور باہمی اتحاد کو سبوتاژ کرنے کے لیے بے بنیاد پروپیگنڈے اور افواہیں پھیلا رہے ہیں ، ان کے ان عزائم کو ناکام و نامراد بنانے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھنا ہے اور ہمارے میڈیا کو اپنا روایتی اور اصولی کردار نبھاتے ہوئے ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی بھی کرنی ہے اور اپنے قلم و قرطاس کے ساتھ اسے ناکام بھی بنانا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ملک کے تمام مقتدر ادارے جمہوریت کے تسلسل ، ملک کے استحکام و دوام ایک ہی نقطے پر متفق ہیں۔ اس موقع پرچنیوٹ پر یس کلب کے ممبران نے گورنر پنجاب کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ، گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ صحافی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے اپنا پورا اثرو رسوخ استعمال کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں