صرف چھ مریضوں میں خسرہ کے جراثیم پائے گئے، گزشتہ سال اب تک 9 ہزار کیس رپورٹ ہو چکے تھے‘ ترجمان محکمہ صحت پنجاب ،خسرہ کے کیسوں میں کمی محکمہ صحت کی جانب سے گزشتہ سال چلائی جانے والی حفاظتی ٹیکوں کی مہم سے ممکن ہوئی

بدھ 16 اپریل 2014 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل۔2014ء) محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے میں خسرہ کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور کسی بھی ضلع سے وباء پھوٹنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ رواں سال ابتک پنجاب میں خسرہ کے 70 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے تھے- ان مریضوں کے خون کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھجوائے گئے جن میں سے صرف 6 مریضوں میں خسرہ کے جراثیم پائے گئے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سال (2013ء) میں چار ماہ کے دوران خسرہ کے تقریبا 9000 کیسز رپورٹ ہو چکے تھے اور لاہور سے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 756 تھی۔حکومت نے گزشتہ سال خسرہ کے خلاف حفاظتی ٹیکوں کی بھرپورمہم چلائی جس کے نتیجے میں رواں سال خسرہ کے صرف چھ مریض رپورٹ ہوئے اوراس مرض سے رواں سال کسی بچے کی موت واقع نہیں ہوئی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ صحت حکومت پنجاب بچوں میں قوت مدافعت کو مزید بہتر کرنے کے لئے اس سال بھی خسرہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہا ہے اور جلد ہی پنجاب میں ایک مرتبہ پھر انسداد خسرہ کی مہم چلائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں