قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ ،بیٹنگ کوچ مقامی ہوگا
تازہ ترین : 1

قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ ،بیٹنگ کوچ مقامی ہوگا

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اپریل 2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ مقامی ہوگا،پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کیلئے کوچنگ عملے کی تقرری کیلئے اشتہارتیار کرلیا ہے جسے آئندہ چند روز میں شائع کردیا جائے گا، اس اشتہار میں ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، فزیو اور ٹرینر کے اہم عہدوں کیلئے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق اشتہار کی بنیاد پر آنے والی درخواستوں پر صرف فیلڈنگ کوچ، ٹرینر اور فزیو کی تقرریاں عمل میں آئیں گی کیونکہ اس وقت ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے بورڈ عہدیداران کے دو سابق کرکٹرز کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں اور ان میں سے کسی ایک کے نام پر ہی اتفاق ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ان عہدوں کے علاوہ چیف سلیکٹر اور سلیکشن کمیٹی کی تقرری بھی عمل میں آئے گی اور یہ تمام کام رواں ماہ کے آخر یا اگلے ماہ کے اوائل میں مکمل ہوجائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ پاکستانی ہی ہوں گے البتہ فیلڈنگ کوچ کیلئے کسی غیر ملکی امیدوار پر نظریں ہوں گی۔پاکستان کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فاوٴنٹین رواں سال کے اوائل میں اپنے عہدے کی دو سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد عہدہ چھوڑ چکے ہیں۔ ان کی جگہ پاکستان نے عارضی طور پر ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے بالترتیب معین خان اور شعیب محمد کو مقرر کیا تھا اور اب ان عہدوں پر باضابطہ تقرری کے لیے اشتہار جاری کیے جانے کا وقت آ چکا ہے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 14/04/2014 - 15:49:36

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں