اشیائے ضروریہ کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘ وزیر خوراک پنجاب،سہولت و سستے بازاروں کو صارفین کے لئے پرکشش بنا دیا گیا ہے‘ بلال یاسین

اتوار 13 اپریل 2014 17:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت سہولت و سستے بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی کوالٹی، صارفین کی سیکورٹی اور صاف ستھرائی جیسی سہولیات صارفین کے لئے کشش کا باعث بنی ہیں- اب صارفین کی زیادہ تر توجہ سہولت و سستے بازاروں کی جانب ہے-یہ بات انہوں نے شادمان سہولت بازار کے دورہ کے دوران خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی- انہوں نے بتایا کہ سہولت بازاروں میں صفائی ستھرائی کا خاص انتظام کیا جاتا ہے اور اشیائے خورد و نوش ایک ہی بازار سے سستے داموں دستیاب ہیں- اس دوران بلال یاسین نے ڈینگی کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا اور صارفین میں انسداد ڈینگی آگہی پمفلٹ تقسیم کئے- اس موقع پر صوبائی وزیر نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں آٹے کی قلت بارے خبریں بے بنیاد ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں حکومت کے مقرر کردہ نرخ 785 روپے فی 20 کلوگرام آٹے کا تھیلہ وافر مقدار میں موجود ہے- انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے اضلاع میں ہفتہ میں تین دن سہولت، سستے اور اتوار بازاروں میں 765 روپے 20 کلوگرام آٹے کا تھیلہ ایکس ملز ریٹ پر فروخت ہو رہا ہے - انہوں نے بتایا کہ ہر سستے، سہولت اور اتوار بازار میں تین تین ٹرک آٹے کے موجود ہیں- جہاں پر آٹا وافر مقدار میں فروخت ہو رہا ہے- بلال یاسین نے بتایا کہ حکومت مارکیٹ میں آٹے کی مصنوعی قلت کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور ذخیرہ اندوزوں کا مکمل محاسبہ کیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ 2014 ء گندم خریداری کے عمل میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے جس کا مقصد محکمہ کی جانب سے گندم خریداری ٹارگٹ کو حاصل کرنا بھی ہے اور اس ضمن میں عملہ خوراک کی ذرا سی بھی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی-

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں