مادھوری اور جوہی کو دیکھ کر بالی ووڈ میں واپس آئی، کرشمہ کپور

جمعرات 10 اپریل 2014 12:18

مادھوری اور جوہی کو دیکھ کر بالی ووڈ میں واپس آئی، کرشمہ کپور

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) اداکارہ کرشمہ کپور کو بالی ووڈ میں واپسی راس نہ آئی، ’’ڈینجرس عشق‘‘ کی ناکامی نے اس کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے 2003ء میں اپنے کلاس فیلو اور صنعتکار سنجیوکپور سے شادی کرنے کے بعد فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ اس سال ان کی صرف ایک فلم ’’باز‘‘ ریلیز ہوئی جو باکس آفس پر ناکام ہوئی۔

2006ء میں ان کی دو فلمیں ’’میرے جیون ساتھی‘‘ اور ’’ضمانت‘‘ ریلیز ہوئیں جن میں ’’ضمانت‘‘ ارشد وارثی کے فلمی کیریئر کے شروع دنوں کی فلم تھی جو 1996ء میں بنی اور بعدازاں ریلیز نہ ہو سکی۔ اداکارہ اس دوران ’’اوم شانتی اوم‘‘ سمیت چند ایک فلموں مہمان اداکارہ کے طور پر پردۂ اسکرین پر نظر آتی رہیں۔

(جاری ہے)

سال 2011ء میں کرشمہ کپور نے شوبز میں باقاعدہ طور پر واپسی کا اعلان کرتے ہوئے وکرم بھٹ کی فلم ’’ڈینجرس عشق‘‘ سائن کی جس کی بھرپور پبلسٹی کی گئی جب کہ کرشمہ کپور بھی اپنی اس فلم کی باکس آفس پر کامیابی کے لیے پرامید تھیں جس کے لیے انھوں نے سلم اسمارٹ نظر آنے کے لیے ایکسرسائز کے ذریعے وزن بھی کم کیا تھا۔ فلمی پنڈتوں کا کہنا تھا کہ 39 سالہ اور دو بچوں کی ماں کرشمہ کپور اب ہیروئن کے کرداروں کے لیے موزوں نہیں رہی بلکہ اسے کریکٹر رول کرنے چاہئیں۔

مذکورہ فلم کی ناکامی کے بعد کرشمہ کپور سے کسی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نے رابطہ ہی نہیں کیا، البتہ لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور ہیمامالنی کی فلم ’’ستہ پہ ستا‘‘ کا ری میک میں اسے ہیما مالنی کے کردار کی آفر کی گئی مگر سنجے دت کے جیل چلے جانے کے بعد یہ پراجیکٹ التواء کا شکار ہو گیا ہے۔

اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ شادی کے بعد گھر گرہستی کو اچھے طریقے سے چلانے کے لیے بالی ووڈ سے خود ہی کنارہ کشی اختیار کر لی تھی کیونکہ میں شوبز کی چکاچوند روشنیوں سے دور رہ کر اپنی زندگی کو انجوائے کرنا چاہ رہی تھی۔

خوش ہوں کہ ایک اچھی ماں اور اچھی بیوی بننے میں کامیاب رہی۔ بالی ووڈ سے میرا گہرا رشتہ ہے اسی لیے شادی کے بعد بھی مجھے اگر بلایا گیا تو آتی رہی۔ شاہ رخ خان اور فرح خان کی فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ میں مہمان اداکارہ کے طور پر جلوہ گر ہوئی تو سلمان خان کی فلم ’’باڈی گارڈ‘‘ میں ایک کردار کے لیے آواز ریکارڈ کروائی۔

اداکارہ نے بتایا کہ فلم انڈسٹری میں واپسی کا تو کوئی ارادہ نہیں تھا مگر مادھوری، جوہی چاولہ کو دیکھ کر میں نے بھی منتخب پراجیکٹ کرنے کا فیصلہ کیا جس پر وکرم بھٹ کی فلم ’’ڈینجرس عشق‘‘ کی۔ فلم کی کہانی، پروڈکشن اور میوزک بہت ہی اعلیٰ تھا، لوگوں نے میری پرفارمنس کو بھی سراہا مگر حیران ہوں کہ باکس آفس پر وہ رسپانس نہیں ملا جس کی توقع تھی۔

شاید اس کی وجہ یہ تھی کہ بالی وڈ میں ایکشن اور کامیڈی فلمیں بنائی جا رہی تھیں اور ’’ڈینجرس عشق‘‘ ان دونوں کیٹگری میں نہیں تھی۔ ماضی کی معروف اداکارہ بیبتا اور اداکار رندھیرکپور کی بیٹی اور آنجہانی راج کپور کی پوتی کرشمہ کپور جنہوں نے 1991 ء میں فلم ’’پریم قیدی‘‘ سے بالی وڈ انڈسٹری میں قدم رکھا تھا، اس کے بعد انھوں نے ’’پولیس افسر‘‘، ’’نشیلے‘‘، ’’جاگروتی‘‘، ’’سپنے ساجن کے‘‘ فلمیں کیں مگر انھیں اصل شہرت ’’دیدار‘‘، ’’جگر‘‘، ’’اناڑی‘‘، ’’سنگرام‘‘، ’’راجہ ہندوستانی‘‘، ’’راجہ بابو‘‘، ’’خودار‘‘، ’’انداز اپنا اپنا‘‘، ’’سہاگ‘‘، ’’گوپی کشن‘‘، ’’قلی نمبرون‘‘ اور ’’جیت‘‘ فلموں سے حاصل ہوئی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں