وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کیلئے واٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج نظام بہتر بنانے کے پروگرام کی منظوری دیدی،واٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج نظام کے متعلق مستقبل کی ضروریات مدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کی جائے‘ محمد شہباز شریف،واٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج نظام کو بہتر بنانے کے پروگرام پر مرحلہ وار تیز رفتاری اور شفاف طریقے سے عملدرآمد کیا جائے گا،عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، منصوبے پر موثر عملدرآمد کیلئے علیحدہ کمپنی بنانے کی ہدایت

منگل 8 اپریل 2014 20:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کے پانچ بڑے شہروں لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کیلئے واٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج نظام بہتر بنانے کے مرحلہ وار پروگرام کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت منگل کے روز ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے بڑے شہروں میں واٹر سپلائی، ڈرینج اینڈ سیوریج سسٹم بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایم این اے حمزہ شہباز، صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری شہباز، غزالی سلیم بٹ، وحید گل، وائس چیئرمین ایل ڈی اے خواجہ احمد حسان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر و ڈی سی او لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسا اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں واٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج نظام کے حوالے سے مستقبل کی ضروریات مدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کی جائے۔

واٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج نظام کو بہتر بنانے کے پروگرام پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق اس پروگرام کو بھی تیز رفتاری اور شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔ اس ضمن میں مختصر، وسط مدت اور طویل مدتی منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر موثر عملدرآمد کیلئے علیحدہ کمپنی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

اس حوالے سے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں جوہرٹاؤن، تاج پورہ اور شادباغ میں واٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آبادی کی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے ڈرینج نظام کی ری ماڈلنگ کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ ڈرینوں کی صفائی کا کام فی الفور شروع کیا جائے۔ مون سون کی آمد سے قبل متعلقہ ادارے نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل رکھیں۔ موسم برسات کے دوران پانی کھڑا ہونے کی شکایت ملی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کے دوران کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی جی ایل ڈی اے نے واٹر سپلائی، ڈرینج اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے تفصیلی بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں