لاہور ہائیکورٹ، پنجاب بینک فراڈ کیس میں حارث سٹیل ملز کے مالک شیخ افضل کی درخواست ضمانت مسترد

منگل 8 اپریل 2014 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بینک فراڈ کیس میں حارث سٹیل ملز کے مالک شیخ افضل کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔منگل کے روز چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطاء بندیال نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل نے موقف اپنایا کہ شیخ افضل چار سال سے قید ہیں اور ابھی تک ان کے خلاف کوئی جرم ثابت نہیں کیا جا سکا ۔

(جاری ہے)

کسی بھی شخص کو محض الزامات کی بنیاد پر قید میں نہیں رکھا جاسکتا۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کرے ۔سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے دلائل میں کہا کہ شیخ افضل پاکستان کی تاریخ کے ایک بڑے فراڈ میں ملوث ہیں اگر انہیں رہا کر دیا گیا تو خدشہ ہے کہ وہ بیرون ملک فرار ہو جائیں گے اس لیے عدالت درخواست ضمانت مسترد کر دے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد حارث اسٹیل ملز کے مالک شیخ افضل کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں