حکومت نے عرصہ دراز سے ویران پڑے باغات کو آباد کرکے لاہور کو دوبارہ ”باغوں کا شہر“ بنانے کا فیصلہ کیا ہے‘ وزیر تعلیم،میرے حلقہ انتخاب میں اب تک یونین کونسل 79کے پانچ پارکوں میں جدید تفریحی سہولتیں فراہم کی جاچکی ہیں ‘ رانا مشہود احمد خان

اتوار 6 اپریل 2014 18:13

حکومت نے عرصہ دراز سے ویران پڑے باغات کو آباد کرکے لاہور کو دوبارہ ”باغوں کا شہر“ بنانے کا فیصلہ کیا ہے‘ وزیر تعلیم،میرے حلقہ انتخاب میں اب تک یونین کونسل 79کے پانچ پارکوں میں جدید تفریحی سہولتیں فراہم کی جاچکی ہیں ‘ رانا مشہود احمد خان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت نے لاہور کے مختلف علاقوں میں عرصہ دراز سے ویران پڑے چھوٹے بڑے باغات کو آباد کرکے لاہور کو دوبارہ ”باغوں کا شہر“ بنانے کا فیصلہ کیا ہے -انہوں نے یہ بات بلال پارک شام نگر لاہور میں بچوں کے لئے جدید تفریحی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی- قومی اسمبلی کے رکن مہر اشتیاق احمد ،مسلم لیگ کے مقامی رہنماؤں مہر عمران احمد ، چوہدری جمشید جٹ، ندیم الحسن شاہ ، یعقوب بھٹی، محمدحفیظ سندھو اور چوہدری خالد عزیز ، لیگی کارکنوں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد اس موقع پر موجودتھی-رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ میرے حلقہ انتخاب میں اب تک یونین کونسل 79کے پانچ پارکوں میں جدید تفریحی سہولتیں فراہم کی جاچکی ہیں - مین شام نگرروڈ کا پیچ ورک مکمل ہوگیا ہے جبکہ علاقے میں نئے ٹیوب ویل کی تنصیب اور پانی کی پائپ لائن تبدیل کرنے کا کام جلد شروع ہو جائے گا-انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل 85 ساندہ لاہور کے گورنمنٹ عزیزملت سکول کی کرائے کی عمارت کچھ عرصہ قبل منہدم ہوگئی تھی- اس سکول کو نئی عمارت میں شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے - وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اس مقصد کے لئے 2کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے اور اگلے چند دنوں میں سکول کا تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا-

صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے بندپارک ساندہ میں ایک نئے سرکاری سکول کے قیام کا بھی فیصلہ کیا ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر جلد سے جلد فنکشنل کیا جائے گا-قومی اسمبلی کے رکن مہر اشتیاق احمد نے اس موقع پر بتایا کہ حلقہ این اے 121لاہور کی تمام بستیوں میں خطرناک طریقے سے لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کو درست کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے - انہوں نے انکشاف کیا کہ حلقہ پی پی 151کے مکینوں کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے اگلے مالی سال میں نئے قبرستان کی اراضی کے لئے فنڈز مختص کئے جائیں گے-اس موقع پر مسلم لیگی کارکنوں رانا عتیق الرحمن ، سہیل خان، منور شاہ ، سہیل بھٹی، راشد سلیم ، منیر احمد بھٹی، محمد اشفاق ساقی، ارسلان حفیظ ، حنوک یعقوب مسیح اور مسز شمع جاوید نے وزیرتعلیم اور علاقے کے ایم این اے کو اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں