کرپشن کا خاتمہ اور گڈگورننس کا قیام حکومت پنجاب کا مشن ہے اس کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

ہفتہ 29 مارچ 2014 17:53

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29مارچ 2014ء ) وزیر خزانہ‘ ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ اور گڈگورننس کا قیام حکومت پنجاب کا مشن ہے اوراس کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں،حکومت نے متمول طبقے پر ٹیکس لگایا گیا ہے اورپراپرٹی ٹیکس ، ٹوکن ٹیکس ، سروسز ٹیکس صوبائی محاصل کے بڑے ذرائع ہیں اور ٹیکس وصولی کے نظام میں بھی بہتری لائی جارہی ہے۔

مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے 290ارب روپے خرچ کررہی ہے جبکہ -244ارب روپے تعلیم کے شعبے کو دئیے گئے ہیں جو کہ پنجاب کے بجٹ کا 26 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو7ارب 50کروڑ کی رقم فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران 12 ارب روپے کے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے50 ہزار سے زائد طلباء کو وظائف دیئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے مزید کہا کہ ضلعی وتحصیل سطح پر بلامعاوضہ ادویات کی فراہمی کے لئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 102ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں جو کل بجٹ کا 10.9فیصد ہے ۔انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 7ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امراض گردہ میں مبتلاغریب مریضوں کو مفت ڈائیلاسسز کے لئے 30 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں