ایکسپریس نیوز کے تجزیہ کار رضا رومی پر قاتلانہ حملہ، ڈرائیورجاں بحق اور محافظ زخمی

جمعہ 28 مارچ 2014 22:10

ایکسپریس نیوز کے تجزیہ کار رضا رومی پر قاتلانہ حملہ، ڈرائیورجاں بحق اور محافظ زخمی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) ایکسپریس نیوز ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آگیا لاہور میں ایکسپریس کے اینکرپرسن اورتجزیہ کار رضا رومی پر حملے میں ان کا ڈرائیور جاں بحق جب کہ محافظ شدید زخمی ہوگیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پروگرام ’’خبر سے آگے کے‘‘ اینکر پرسن اورتجزیہ کار رضا رومی اپنا پروگرام ختم کرکے واپس جارہےتھے کہ فیروز پور روڈ سے راجہ مارکیٹ میں داخل ہوتے ہوئے موٹرسائیکل پر سوار 2 مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی اور رضا رومی معمولی زخمی ہوئے جبکہ گولیاں لگنے سے ڈرائیور اور محافظ شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے لطیف اسپتال منقل کیا گیا جہاں ڈرائیورزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ۔

(جاری ہے)

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے رضا رومی کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا علم تھا کہ وہ کچھ کالعدم تنظیموں کی ہٹ لسٹ پر ہیں اور حملے کے بعد آج یہ بات ثابت ہوگئی ہے،رضا رومی نے کہا کہ ان پر حملہ پاکستان میں لاقانونیت کا ثبوت ہے یہاں کوئی بھی شہری محفوظ نہیں اور دہشت گرد جہاں اورجس پر چاہیں حملہ کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ایکسپریس نیوز اور آزادی صحافت کو نشانہ بنایا گیا ہے،دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے رضا رومی پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 3 بار دہشت گردوں کی جانب سے کراچی میں ایکسپریس نیوز کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایکسپریس نیوز کے 3 کارکن بھی شہید ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں