فاطمہ جناح کالج فار ویمن چونا منڈی کا کانووکیشن ۔۔۔۔وزیراعلیٰ کا اردو اور انگریزی میں خطاب ،”باغ کا برا حال ہواہے تو مالی نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی“،بااعتماد سیکرٹری کو ہائر ایجوکیشن کا محکمہ دیاہے ، امید ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں وہ میرے دست و بازو بنیں گے‘ شہبازشریف

جمعرات 27 مارچ 2014 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج فار ویمن چونا منڈی کے کانووکیشن سے اردو اور انگریزی میں خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے تقریب میں شرکت سے قبل کالج کی عمارت اور باغ کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے باغ کی خستہ حالی اور عمارت کے بعض حصوں کی بروقت تعمیر و مرمت نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور پرنسپل کو فی الفور اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں بھی عمارت کے بعض حصوں اور باغ کی بروقت تعمیر و مرمت نہ کرنے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ میں اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام یہاں زیر تعلیم طالبات کی عدالت میں جوابدہ ہیں۔ اگر باغ کا برا حال ہوا ہے تو یا تو مالی سویا ہواہے یا اس نے اپنا کام درست طریقے سے نہیں کیا۔

(جاری ہے)

یہ ایک تاریخی عمارت ہے جسے دیکھنے کیلئے سیاح بھی آ تے ہیں ، عمارت کی دیکھ بھال کی ذمہ داری متعلقہ محکمے کو پوری طرح ادا کرنی چاہیے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے یہ اشعار پڑھائے:۔

تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں
تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے
نہیں یہ شان خود داری چمن سے توڑ کر تجھ کو
کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے
وزیراعلیٰ کی تقریر کے دوران ظہر کی نماز کے لئے اذان شروع ہوئی تو وزیراعلیٰ نے اپنا خطاب روک دیا۔

سٹیج سیکرٹری نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خطاب کی دعوت دینے سے قبل ان کے بارے میں تعریفی کلمات کہنا شروع کئے تو وزیراعلیٰ نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے اپنے با اعتماد سیکرٹری عبدالله سنبل کو سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تعینات کیا ہے اور مجھے ان سے پوری امید ہے کہ وہ ہائر ایجوکیشن کے فروغ میں میرے دست و بازو بنیں گے۔ وزیراعلیٰ تقریب کے دوران سٹیج پر بیٹھے ضروری نوٹس بھی لیتے رہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں