پاکستان اور بھارت کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافے کی ضرورت ہے‘ محمد شہباز شریف،وقت آ گیا ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر عوام کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، بھارتی راجیہ سبھا کے رکن منوہرسنگھ سے گفتگو

بدھ 26 مارچ 2014 22:11

پاکستان اور بھارت کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافے کی ضرورت ہے‘ محمد شہباز شریف،وقت آ گیا ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر عوام کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، بھارتی راجیہ سبھا کے رکن منوہرسنگھ سے گفتگو

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہترین دوستانہ تعلقات کی خواہاں ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران اگرچہ پاک بھارت تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے رکن ا ور سابق چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر منوہر سنگھ گل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو جنگوں نے تباہی ، بربادی، افلاس اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا۔

وقت آ گیا ہے کہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر دونوں ملکوں کے عوام کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ دونوں ملکو ں کو کشمیر سمیت تمام تنازعات بامقصد مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتی ہے اور مختلف قومی معاملات پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر منوہر سنگھ گل نے کہا کہ انہیں پاکستان بالخصوص لاہور آ کر نہایت خوشی ہوئی ہے اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے یہاں ہونے والی خوشگوار تبدیلی دیکھی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب میں شاندار ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں