ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مشیر وزیراعلی خواجہ سلمان رفیق سے مذاکرات کے بعد ہڑتال کی کال واپس لے لی

منگل 25 مارچ 2014 21:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارڑ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج اور ہڑتال کی کال واپس لے لی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز،پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر حامد محمود بٹ،ینگ ڈاکٹرز کے نمائندے ڈاکٹر حامد بٹ،ڈاکٹر جاوید آہیر،ڈاکٹر عامر بندیشہ کے علاوہ ینگ ڈاکٹرز کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے ینگ ڈاکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی اصل لیڈر شپ ڈاکرز ہیں جنہوں نے محکمہ صحت کو چلانا ہے اور مریضوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت نے ینگ ڈاکٹرز اور دیگر کیڈرز کے ڈاکٹروں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے اور اب تک 90 فیصد نکات پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت بار حیات تارڑ نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن سے سلیکٹ ہو کر آنے والے ڈاکٹرز جو پچھلے کئی ماہ سے ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے انہیں قانون کے مطابق برطرف کیا گیا تھا تاہم ڈاکٹرزاپیل کا حق رکھتے ہیں اور اگر وہ اپنی برطرفی کے خلاف درخواست کے ذریعے اپیل کریں تو انہیں ڈیوٹی پر بحال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویشن کرنے والے پی جی ٹرینی ڈاکٹرز کو اپنی ٹریننگ مکمل کرنے کا موقع دیا جائے گا اور جو ڈاکٹرز ہاؤس جاب شروع کر چکے ہیں انہیں ہاؤس جاب بھی مکمل کرنے کا موقع دیا جائے گا اور آئندہ کے لئے ہاؤس جاب کی ایک جامع پالیسی مرتب کی جائے گی جس میں سرکاری میڈیکل کالجوں کے گریجوایٹس کو پہلی ترجیح دی جائے گی۔

سیکرٹری صحت نے ینگ ڈاکٹرز کو بتایا کہ میڈیکل آفیسرز اورڈبلیو ایم او کی بطور سینئر رجسٹرار اور کنسلٹنٹس کے عہدوں پر ترقی دینے کا عمل جاری ہے جو بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا اور ڈاکٹروں کی سیکورٹی کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں ایک مریض اور ایک تیماردار کی پالیسی اپنائی جائے گی اور اس سلسلہ میں تمام سرکاری ہسپتالوں کو احکامات پر عملدرآمد کے لئے ہدایت جاری کر دی جائیں گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے ینگ ڈاکٹرز کو یقین دلایا کہ نا صرف ینگ ڈاکٹرز بلکہ دیگر کیڈرز کے سینئر ڈاکٹرز کو اگلے گریڈوں میں ترقی دینے اور دیگر معاملات کے سلسلہ میں محکمہ صحت پوری سنجیدگی کے ساتھ دن رات کام کررہا ہے۔خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت کی واضح یقین دہانی اور تفصیلات سے آگاہ کرنے پر ینگ ڈاکٹرز نے اپنی ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کر دیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں