5سال بعد کسی بین الاقوامی ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، حمزہ شہباز،وزیراعظم ..
تازہ ترین : 1

5سال بعد کسی بین الاقوامی ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، حمزہ شہباز،وزیراعظم نوازشریف کا ویژن ہے کہ تجارت کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان سجیں گے تو محبت کی خوشبو سرحد پار جائے گی،بلوچ ہمارے بھائی ہیں، انہیں پیار کی ضرورت ہے اور ہم انہیں پیار ضرور دیں گے، قطر کی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کے موقع پر گفتگو ،برادر اسلامی ملک قطر کی ٹیم کو پاکستا ن آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ، کھیلوں میں حصہ لے کر نوجوان ملک و قوم کے ہیرو بنیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قطر اور پاکستان جونیئر کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر کیا اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور ، ایم پی اے تہیہ نون اور سینئر صحافی سہیل وڑائچ بھی موجود تھے۔

کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاکہ 5 سال بعد کسی بین الاقوامی ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے حال ہی میں ہندوستان سے مختلف کھیلوں کی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ ہماری مردو خواتین کی ٹیمیں بھی ورلڈ کپ کھیلنے بھارت گئیں ، وزیر اعظم میاں نواز شریف کا ویژن ہے کہ تجار ت کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان بھی سجیں گے تو محبت کی خوشبو سرحد پار جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں گزشتہ برس 26 ممالک کی ٹیمیں پاکستان آئیں اور اس بار ہم مختلف کھیلوں کی 40 ٹیمیں پاکستان لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کل بلوچستان میں بھی سپورٹس فیسٹیول کا آغاز ہوا بلوچ ہمارے بھائی ہیں جنہیں پیار کی ضرورت ہے اور ہم انہیں پیار ضرور دیں گے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں پورے ملک سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جس سے قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوگا۔

قطر کی ٹیم کے سری لنکن کوچ کو مخاطب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے سری لنکن حکومت نے پنجاب حکومت سے بڑا تعاون کیا ان کے بروقت تعاون سے ہمیں ڈینگی کی وباء پر قابو پانے میں مدد ملی۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے برادر اسلامی ملک قطر کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں تمام تر سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا۔اس موقع پر قطر ٹیم کے کوچ ٹریشن نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کے کھیلوں کے ایونٹ کیلئے محفوظ ملک ہے کرکٹ ٹیم کی ٹریننگ کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنے پر ہم پنجاب حکومت کے بے حد مشکور ہیں۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 24/03/2014 - 19:49:27

اپنی رائے کا اظہار کریں