جماعة الدعوة پاکستان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پرآزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں احیائے نظریہ پاکستان مارچ،جلسوں و کانفرنسوں کا انعقاد ،اتحادو یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے ،مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت جاری رکھیں گے‘ مقررین

اتوار 23 مارچ 2014 17:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) جماعة الدعوة پاکستان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پرصوبائی دارالحکومت لاہور سمیت اسلام آباد،کراچی،حیدر آباد،ملتان ، پشاور،کوئٹہ اورفیصل آبادسمیت پانچوں صوبوں وآزاد کشمیر کے مختلف شہروں و علاقوں میں احیائے نظریہ پاکستان مارچ،جلسوں و کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیاجن میں جماعة الدعوة کے مرکزی قائدین کے علاوہ دیگر مذہبی ،سیاسی و کشمیری تنظیموں اور جماعتوں کے رہنماؤں نے خطابات کئے جبکہ تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد نے شرکت کی ۔

نظریہ پاکستان مارچ ، جلسوں اور کانفرنسوں میں شریک افراد میں زبردست جوش وجذبہ دیکھنے میں آیا۔شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاور بینرزاٹھا رکھے تھے جن پر نظریہ پاکستان کے حوالہ سے تحریریں درج تھیں۔

(جاری ہے)

احیائے نظریہ پاکستان مارچ،جلسوں و کانفرنسوں کے دوران شرکاء کی جانب سے پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔

مینار پاکستان سے شاہراہ قائد اعظم (مال روڈ) تک کیاجانے والا احیائے نظریہ پاکستان مارچ سب سے بڑا پروگرام تھا جس میں لاہور شہر اور اس کے گردونواح سے سکولز،کالجز ،یونیورسٹیزو دینی مدارس کے ہزاروں طلباء ، وکلاء،تاجروں،سول سوسائٹی اور دیگر تمامتر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے ایک بہت بڑے جم غفیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء میں زبردست جوش وخروش اور بہترین نظم و ضبط دیکھنے میں آیا ۔

مینار پاکستان سے مال روڈ تک کے سبھی راستوں سمیت پورا لاہورپاکستان کا مطلب کیا،لاالہ الااللہ اور حافظ محمد سعید سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔ مارچ میں شرکت کرنے کے لیے لاہور شہر و گردونواح کے بیسیوں مقامات سے جماعة الدعوة کے مقامی ذمہ داران اور علماء کرام کی قیادت میں قافلے مینار پاکستان پہنچتے رہے جس پر عوام الناس کا ٹھاٹھیں مارتاسمندر مینار پاکستان جمع ہونا شروع ہو گیا۔

مارچ کی قیادت امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کی۔

مینار پاکستان سے مارچ شروع کرتے وقت حافظ محمد سعید نے شرکاء سے تحفظ نظریہ پاکستان کا عہد لیااور اسلام و پاکستان کے دفا ع کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس موقع پر حافظ محمد سعید میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان بنایا تھا‘ اسے بچانے کیلئے قوم کروڑوں قربانیاں دینے کیلئے بھی تیار ہے۔

کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنایا گیا پاکستان زندہ و تابندہ رہے گا، لڑائی جھگڑوں اور فرقہ پرستی سے مسلمان پریشان ہیں۔جماعة الدعوة یوم پاکستان کے موقع پر حکمرانوں،سیاستدانوں،عوام کو دعوت دیتی ہے کہ جس نظریئے پر ملک بنایا گیاتھا آج اسی پر دوبارہ اکٹھے ہو جائیں اوردشمنان پاکستان کو پیغام دیں کہ پاکستان زندہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہندوؤں اور عیسائیوں سمیت تمام اقلیتوں کو حقوق حاصل ہیں۔

انڈیا میں نچلی ذات کے ہندوؤں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جاتا ہے۔

جماعة الدعوة تھر کے قحط سے متاثرہ علاقوں میں مسلمانوں و ہندوؤں کی بلا امتیاز مدد کر رہی ہے۔انڈیا کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کی کوششیں غیور عوام کامیاب نہیں ہونے دے گی۔جماعةالدعوة کے نظریہ پاکستان مارچ کے موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں کلمہ طیبہ والے پرچم، پلے کارڈز، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔

جماعة الدعوة کے احیائے نظریہ پاکستان مارچ کے دوران دور دور تک ہر طرف سر ہی سر نظر آ رہے تھے ۔ مقررین کے خطابات کے دوران شرکاء کے ایک ساتھ پاکستان اور کلمہ طیبہ والے پرچم لہرانے سے بڑا دل فریب منظر دیکھنے میں آیا۔ مارچ کے موقع پر جماعة الدعوة کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے سینکڑوں رضاکار اور ایمبولینسیں بھی مارچ کے ہمراہ رہیں۔

رضاکار شرکاء کو گھیرے میں لیکر ساتھ ساتھ چلتے رہے۔ شرکاء کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد نظریہ پاکستان مارچ میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔ مارچ کے شرکاء انتہائی آہستہ رفتار میں چلتے ہوئے شاہراہ قائد اعظم (مال روڈ) تک پہنچے جہاں ایک بہت بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔

اسلام آباد میں جماعة الدعوة کے تحت فیض آباد سے احیائے نظریہ پاکستان مارچ کا آغاز ہواجس میں طلباء، وکلاء، تاجروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نظریہ پاکستان مارچ مختلف راستوں سے ہوتا ہوا نیشنل پریس کلب پہنچا ۔ اس دوران زبردست جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ نظریہ پاکستان مارچ اور جلسہ عام سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنماپروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خاں، تحریک حرمت رسول ﷺ کے سیکرٹری جنرل قاری محمد یعقوب شیخ،اہلسنت والجماعت کے سیکرٹری جنرل خادم حسین ڈھلوں، جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما کرنل (ر) نذیر احمد،مولانا نصر جاوید، عبداللہ گل، محمد شفیق و دیگر نے خطاب کیا۔

جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ حافظ عبدالرحمان مکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد ملک میں نفاذ اسلام پورا نہ ہونے کی وجہ سے دشمنوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملا ۔سندھ اور بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں چلائی گئیں۔پورے ملک کو میدان جنگ بنا دیا گیا ۔جنہوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی تھی وہی آج پاکستان کے خلاف سازشیں اور تباہ کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خاں، تحریک حرمت رسول ﷺ کے سیکرٹری جنرل قاری محمد یعقوب شیخ،اہلسنت والجماعت کے سیکرٹری جنرل خادم حسین ڈھلوں، جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما کرنل (ر) نذیر احمد،مولانا نصر جاوید، عبداللہ گل ، محمد شفیق و دیگر نے کہا کہ1971میں فوجی کاروائی کر کے مشرقی پاکستان کوہم سے چھینا گیا اسوقت اندرا گاندھی نے کہا تھا کہ ہم نے نظریہ پاکستان کو خلیج بنگال میں ڈبو دیا ہے ۔

آج جماعة الدعوة ملک بھر میں احیائے نظریہ پاکستان کے حوالہ سے مارچ کا انعقاد کر رہی ہے جن میں قوم کی بڑی تعداد میں شرکت پاکستان سے محبت کا ثبوت ہے۔

کراچی میں جماعة الدعوة کے زیراہتمام سفاری پار ک گلشن اقبال سے کراچی پریس کلب تک نکالے جانے والے احیائے نظریہ پاکستان مارچ سے تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینر اورجماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ،امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی،مسلم لیگ(ن) کے رہنما سلیم ضیاء،تحریک انصاف کے حفیظ الدین ایڈوکیٹ،عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان ایڈوکیٹ،نظریہ پاکستان تحریک کے چیئرمین محمد ارشد ذکی و دیگر نے خطاب کیا۔

مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ پاکستان کلمہ کے نام پر بنا تھا چاہئے تو یہ تھا کہ اس ملک میں اسلام کو نافذ کیا جانا تھا مگر ایسا نہیں ہوا ۔قائد اعظم کا بھی یہ خواب تھا اور علامہ اقبال نے بھی اپنے شعروں کے ذریعہ مسلمانوں کو یہی پیغام دے کر اٹھایا تھامگر اتنا عرصہ گزر جانے کے باوجود قائد اعظم و علامہ اقبال کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما سلیم ضیاء، امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی،تحریک انصاف کے حفیظ الدین ایڈوکیٹ،عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان ایڈوکیٹ،نظریہ پاکستان تحریک کے چیئرمین محمد ارشد ذکی و دیگر نے کہاکہ علامہ اقبال نے خطبہ الہ آبا د میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کے لئے جدوجہد کا رخ متعین کیا تھا ۔

اسلامیان برصغیر ہندو سے الگ تھلگ ایک وطن چاہتے تھے کیونکہ مذہب،کلچر کی بنیاد پر مسلمان ہندوؤں کے ساتھ نہیں رہ سکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بنگال،حیدر آباد دکن،پنجاب،سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخواہ کے سارے علاقے متحد تھے اور علیحدہ وطن چاہتے تھے مگر انگریز اور ہندو کی دوستی گہری تھی لارڈ ماؤنٹ بینٹن کے نہرو کے ساتھ گہرے تعلقات تھے ۔

مسلمانوں کو انگریز اور ہندو اپنا دشمن سمجھتے تھے۔ملتان میں نظریہ پاکستان مارچ کا آغاز دن گیارہ بجے ہوا جو براستہ نواں شہر چوک گھنٹہ گھر پہنچا۔مارچ کے اختتام پر جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما انجینئر نوید قمر، جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل راؤ ظفر اقبال، پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نوابزادہ ظہیر الدین خاں گلزئی، عطاء اللہ غلزئی،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے علامہ خالد محمود ندیم، میاں محمد سہیل و دیگر نے خطاب کیا۔

بہاولپور میں ون یونٹ سے فوارہ چوک تک نظریہ پاکستان مارچ سے جماعة الدعوةکے مرکزی رہنما حافظ طلحہ سعید نے خطاب کیا۔وہاڑی میں بلدیہ چوک تک نظریہ پاکستان مارچ سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا خالد سیف الاسلام خطاب کیا۔پشاور میں موٹر وے چوک اور پریس کلب سے سپن جماعت تک نظریہ پاکستان مارچ سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ،مولانا نصر جاوید، اہلسنت والجماعت کے اسماعیل درویش،حاجی عمر ، محمد آفتاب و دیگر نے خطاب کیا۔

فیصل آباد میں جی ٹی ایس چوک سے ضلع کونسل چوک تک کئے جانے والے احیائے نظریہ پاکستان مارچ سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حافظ محمد مسعود ،جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر وسیم اختر، مولانا زاہد محمود قاسمی ،فیاض احمد،مولانا محمد یوسف انور نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث، جاوید اختر قادری چیئرمین سنی علماء کونسل، قاری عبدالشکور ، مولانا عبدالوحید ساقی ،ڈاکٹر جاویداختر نورانی ناظم اعلیٰ جمعیت علماء پاکستان،حافظ بنیا مین عابد و دیگر نے خطاب کیا

۔

جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما حافظ محمد مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعة الدعوة نظریہ پاکستان کو لے کر بلوچستان،سندھ سمیت ملک بھر میں دعوت پھیلا رہی ہے ۔اتحادو یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے ۔مقررین نے کہاکہ جماعةالدعوة مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت جاری رکھے گی۔حیدر آباد میں ہتڑی چوک سے صبح دس بجے نظریہ پاکستان مارچ کا آغاز کیاگیا۔

سینکڑوں موٹرسائیکلوں،گاڑیوں پر مار چ کے شرکاء مارکیٹ چوک،سلک چاڑی،بلدیہ تھانہ،لجپت چو ک سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچے جہاں جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ،حافظ عبدالرؤف و دیگرنے خطاب کیا۔سرگودھا میں قینچی موڑ سے کچہری بازار تک نظریہ پاکستان مارچ کے اختتام پر جماعة الدعوة کے مرکزی رہنمامولانا بشیر احمد خاکی،جماعة الدعوة سرگودھا کے مولانا آصف طیبی و دیگر خطاب کیا۔

کوئٹہ میں مفتی محمد قاسم،میانوالی میں قاری احمد سعید ملتانی،بہاولنگر میں ابو جبران ،مرید کے میں مولانا سیف اللہ اعظم ودیگر نظریہ پاکستان مارچ سے خطاب کیا۔ جماعةالدعوة پاکستان کی جانب سے ساہیوال، وہاڑی، بہاولنگر، بہاولپور، ڈی جی خاں، مظفر گڑھ، ڈیر اسمٰعیل خاں، سیالکوٹ،نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم ، نوشہرہ ، مردان، کوہاٹ، چکوال، تلہ گنگ، وزیر آباد، میانوالی، بھکر، خوشاب، اٹک، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہر ی پور، ہزارہ، مظفر آباد،میر پور، کوٹلی، جھنگ، چنیوٹ، رحیم یار خاں، روہڑی، سکھر، سانگھڑ، بدین، قصور، پتوکی، اوکاڑہ، کھڈیاں خاص، ٹنڈو آدم، شہداد پور، نواب شاہ، چمن، ژوب، میر پور خاص و دیگر شہروں و علاقوں میں نظریہ پاکستان مارچ، جلسوں، کانفرنسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیاجن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی اور تحفظ نظریہ پاکستان کا عہد کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں