پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن چولستان کے 75 کمیونٹی سکولز اپنائے گی،کمیونٹی سکولز کے ساڑھے چار ہزارسے زائد طالب علموں کو مفت تعلیم دی جائے گی

اتوار 23 مارچ 2014 16:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن چولستان کے 75 کمیونٹی سکولوں کے ساڑھے چارہزارسے زائد طالب علموں کو مفت تعلیم دے گی۔یہ سکول بہاولپور،بہاولنگر اور رحیم یار خان میں واقع ہیں۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق یہ کمیونٹی سکول چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ”لٹریٹ چولستان پراجیکٹ“ کے تحت شروع کئے تھے۔

(جاری ہے)

ان سکولوں میں غیر رسمی طریقہ تدریس اپنایا گیا تھا اورسکولوں کے لئے عمارتین مقامی آبادی کی جانب سے مہیا کی گئی تھیں۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ان سکولوں کو اپنے زیر انتظام لینے کافیصلہ کیا ہے۔ اب یہ تعلیمی ادارے”نیو سکول پروگرام“ کے تحت پرائیویٹ پارٹنرز کے اشتراک سے چلائے جائیں گے اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیش تمام طالب علموں کی ماہانہ فیس اور نصابی کتب مفت مہیا کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ اس اقدام سے چولستان کے ساڑھے چار ہزارسے زائد طالب علموں کا تعلیمی مستقبل محفوظ ہو گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں