ملک نے ترقی کرنی ہے تو خواتین کو عملی میدان میں بھرپور کردارادا کرنا ہوگا‘ وزیراعلیٰ شہبازشریف ، پاکستان کی 50فیصد سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، انتہا پسندی، دہشتگردی اور عدم برداشت کے رویوں کو ختم کئے بغیر ترقی کے ا ہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے،ساؤتھ ایشیاء ویمن کانفرنس سے خطاب، سارک چیمبرکیلئے ہینڈی کرافٹ ویلیج کیلئے اراضی اور بزنس ویمن کیلئے گارمنٹس زون میں ویمن گارمنٹس زون بنانے کا ا علان

جمعرات 20 مارچ 2014 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سارک کے ممبر ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لئے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سا تھ سارک چیمبر آف ویمن انٹر پینورکونسل کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستان کی 50فیصد سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، پنجاب حکومت نے خواتین کو با ا ختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے دوررس اقدامات کئے ہیں،میری خواتین سے اپیل ہے کہ وہ عملی میدان میں آئیں اور قومی تعمیر میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں،اگر ملک نے ترقی کرنی ہے تو خواتین کو عملی میدان میں ا پنا بھرپورکردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں ساؤتھ ایشیا ء ویمن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں جنوبی ایشیاء کے 7ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیپال کے سفیر بھرت راج پڈیال ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ ایس ایم منیر ، ایم این اے پرویز ملک ، صوبائی وزیر ذکیہ شاہنواز ،اراکین اسمبلی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے وا لی خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ پاکستانی خواتین انتہائی با صلاحیت ہیں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہیں، سیاست ہو یا میدان صحت ، تعلیم ہویا کھیل کے میدان ، خواتین نے تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ لیکن ابھی بھی خواتین کو عملی میدان میں مزید آگے آنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشنل ا نڈوومنٹ فنڈ ، لیپ ٹاپ سکیم اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے پروگرامز سے خواتین بھی پوری طرح مستفید ہورہی ہیں بلکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے سمال بزنس لون پروگرام میں خواتین کا حصہ 50فیصد رکھا گیاہے جو کہ 50ارب روپے بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کا مقصد انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات کے باعث ترقی اور خوشحالی کا جوسفر شروع ہوا ہے وہ اب مزید آگے جائے گا اور میں سمجھتا ہوں کہ انتہا پسندی ، دہشت گردی اور عدم برداشت کے رویوں کو ختم کئے بغیر ترقی کے ا ہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔

مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے پنجاب حکومت کے مختلف پروگرام معاشرے سے غربت ، بیروز گاری پر قابو پانے اور انتہاء پسندی اور عدم برداشت کے رویوں کو ختم کرنے میں ممد و معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ اگر ہم نے اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرناہے تو معاشرے سے عدم برداشت اور انتہا پسندی کے رحجانات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نیک نیتی کے ساتھ درست سمت کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے لیکن ابھی لمبا سفر باقی ہے اور اس سفر میں خواتین کو آگے آناہوگا۔

ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد شادی کر کے خواتین کو گھروں میں نہیں بیٹھنا چاہییے بلکہ عملی میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہر میدان میں آگے آئیں، پنجاب حکومت مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔وزیراعلیٰ نے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لئے ہینڈی کرافٹ ویلیج کے لئے اراضی اور ضروری سہولتیں فراہم کرنے اور بزنس ویمن کے لئے گارمنٹس زون میں ویمن گارمنٹس زون بنانے کا ا علان کرتے ہوئے کہاکہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ چلیں گی تو ترقی کا سفر جلد طے ہوگا اور پنجاب حکومت خواتین پر ان کی آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل ان کے قدموں میں نچھاور کرے گی۔

ا نہوں نے کہاکہ تقریروں کا وقت گزر چکا ہے اب عملی ا قدامات کا وقت ہے ۔سارک چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار ملک نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو شیلڈ پیش کی جبکہ نیپال سے تعلق رکھنے والی سارک چیمبر آف ویمن انٹر پینور کونسل کی سبکدوش چیئر پرسن پرمیلہ اچاریہ رجا نے ممبر قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کو نئی چیئرپرسن بننے پر خصوصی مومنٹو دیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سبکدوش چیئر پرسن کی خدمات کی تعریف کی اور نئی چیئرپرسن بننے پر شائستہ پرویز ملک کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں