کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ پارلیمنٹ کے ارکان اور خاص طور پر کسی خاتون رکن کے بارے میں نا مناسب بات کہوں‘ وزیر تعلیم پنجاب ، گزشتہ پانچ سال کے دوران بحیثیت ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی میں خود اس ہاؤس کے تقدس کا کسٹوڈین رہا ہوں‘ رانا مشہود احمد کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 20 مارچ 2014 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2014ء) وزیر تعلیم ، سیاحت ، کھیل ، امور نوجواناں و آثار قدیمہ پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران بحیثیت ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی میں خود اس ہاؤس کے تقدس کا کسٹوڈین رہا ہوں ،میں یہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ پارلیمنٹ کے ارکان اور خاص طور پر کسی خاتون رکن کے بارے میں نا مناسب بات کہوں،میرے او رمیری فیملی کے پورے سیاسی کیریئر میں ہم پر کبھی ذو معنی باتیں کرنے کا الزام نہیں لگایا جا سکا، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن کے طور پر بھی اسمبلی کا ریکارڈ گواہ ہے کہ میں نے کبھی کوئی ذو معنی بات نہیں کی اور ڈپٹی سپیکر کے طور پر پورے ہاؤس کے تقدس کا ہمیشہ خیال رکھا ہے ۔

جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ میرے لئے خود یہ بہت پریشان کن بات ہے کہ اخبارات میں ایک ذومعنی جملہ توڑ مروڑ کر مجھ سے منسوب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی معزز رکن پنجاب اسمبلی محترمہ راحیلہ انور نے وقفہ سوالات کے دوران جناب سپیکر کو مخاطب کرکے خود یہ کہا کہ ”ہم چونکہ اپوزیشن میں ہیں، اس لئے ہم لوگوں کو تو یہ سیریئس لیتے ہی نہیں ۔

میرے شہر کے ایک نواحی گاؤں ننگرکا سکول جنگل میں واقع ہے اوربچیاں وہاں جانے سے گھبراتی ہیں۔میں انہیں خود وہاں لے جاؤں گی۔ نذر حسین گوندل ایم پی اے بھی اسی حلقے سے منتخب ہوئے ہیں ، وہ انہیں ساتھ لے جائیں گے۔اس بات کو سیریئس لیں۔ ہم بھی انسان ہیں ۔“رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اس پر میں نے جناب سپیکر کو مخاطب کر کے کہا کہ”میں بالکل ان کو سیریئس لیتا ہوں۔

رولز کے مطابق اس سکول میں جو بھی عدم دستیاب سہولت ہو گی ، وہ میں بنوا کر دوں گا۔“وزیر تعلیم نے کہا کہ اس ساری گفتگو میں ایک بات بھی غیر پارلیمانی اور ذومعنی نہیں ہے۔پھر بھی اگر محترمہ راحیلہ انور کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں نے آن فلور آف دی ہاؤس اس پر معذرت کر لی ہے اور پوری اسمبلی کے سامنے اپنی پوزیشن کلیئر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نا ماضی میں میرے کردار میں کوئی لغزش رہی ہے اور نہ اب میرے ذہن میں کوئی لغزش موجودہے ۔

اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی عظمی بخاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بطور پارلیمنٹرین رانا مشہود احمد خاں گزشتہ دس گیارہ سال سے ہمارے کولیگ ہیں۔ یہ ایک صاحب کردار شخصیت کے صاحبزادے ہیں ۔ ہمیں ان سے یہی توقع تھی کہ وہ غلط فہمی کی بنیاد پر کسی خاتون کی دل آزاری پر بھی معذرت کر لیں گے کیونکہ یہ ایک باعزت خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں