ملک بھر میں علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین کل خطبات جمعہ میں تحفظ نظریہ پاکستان کو موضوع بنائیں گے

جمعرات 20 مارچ 2014 13:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20مارچ 2014ء) جماعة الدعوة پاکستان کی اپیل پر آج ( جمعہ ) 21مارچ کو ملک بھر میں علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین خطبات جمعہ میں تحفظ نظریہ پاکستان کو موضوع بنائیں گے اور وطن عزیزکے خلاف بیرونی سازشوں سے قو م کو آگاہ کیاجائے گا۔یوم پاکستان کے موقع پر 23مارچ کو پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر میں احیائے نظریہ پاکستان مارچ ہوں گے‘ جلسوں، کانفرنسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیاجائے گا۔

امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعیدکی جانب سے علما ء کرام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں دشمنان اسلام کی پاکستان کے خلاف سازشوں اور نوجوان نسل کے عقیدے و ایمان برباد کرنے کی کوششوں کے خلاف آواز بلند کریں اور عوام الناس کو قیام پاکستان کے مقاصد اور نظریہ پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

احیائے نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں جماعةالدعوة کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں اور ملک بھر میں پروگراموں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

ہر شہر میں ہونے والے نظریہ پاکستان مارچ اور کانفرنسوں میں مقامی مذہبی، سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین اور رہنماؤں کو بھی شریک کیاجائے گا۔ جبکہ لاہور میں ہونے والے نظریہ پاکستان مارچ سے قومی مذہبی و سیاسی قیادت خطاب کرے گی۔ جماعةالدعوة کی طرف سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پورے ملک میں چوکوں و چوراہوں پر کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں پروجیکٹر کے ذریعے نظریہ پاکستان کے حوالہ سے لوگوں کو ملٹی میڈیا بریفنگ دی جا رہی ہے جس میں عوام الناس کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔

جماعةالدعوة کی جانب سے لاؤڈ سپیکرز لگاکر خصوصی طور پر گاڑیاں تیار کی گئی ہیں جن کے ذریعہ کارکنان گلی محلوں میں جاکر لوگوں کو احیائے نظریہ پاکستان مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ نظریہ پاکستان مہم میں لوگوں کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں