سپریم کورٹ کا 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہیں ، صوبوں کے اب وافر وقت ہے‘ لیاقت بلوچ

جمعرات 20 مارچ 2014 13:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20مارچ 2014ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے سپریم کورٹ کے 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کے پاس اب وافر وقت ہے ،اب قانون سازی کا عمل بھی مکمل کیا جائے ، الیکشن کمیشن حلقہ بندی کے لیے تینوں صوبائی حکومتوں کو بروقت قانون سازی کی مدت کے لیے پابند کرے تاکہ 15 نومبر سے پہلے یہ عمل مکمل ہو جائے ، بلدیاتی انتخابات کرانا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے ، بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری اور قومی تربیت کا ذریعہ ہیں ، حکومتیں آئین سے انحراف اور عوام کو بنیادی جمہوری حقوق کو پامال کرنے کی روش ترک کردیں ، جمہوریت کا استحکام جمہوری رویہ اپنانے سے ہی ہوگا ، الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین کے مطابق جماعتی بنیادوں پر شفاف اور غیر جانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے بروقت تمام اقدامات کرے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسامہ بن لادن کے حوالے سے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی تازہ رپورٹ کوئی نئی اور خفیہ کہانی نہیں ،یہ امریکہ کے روایتی شیطانی منصوبہ سازی کا حصہ ہے ۔انہو ں نے کہاکہ امن کے لیے مذاکرات ، پاکستان میں امن امریکہ کے ایجنڈا میں نہیں ہے اس لیے حکومت اور فوج کو عالمی سطح پر بدنام کرنا اور اعصابی دباؤ میں رکھنا امریکی اداروں کا بدنام زمانہ سیاسی سٹریٹجک حربہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور پوری قوم کو بیدار ہوجانا چاہیے کہ امریکہ کسی کا دوست نہیں ہے۔ امریکی غلامی کا قلاوہ اتار دیا جائے ، نا م نہاد دہشتگردی کی جنگ بے نقاب ہو گئی ہے ۔ داخلہ و خارجہ محاذ پر آزاد و خود مختار ملک کی حیثیت سے فیصلے کیے جائیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں