وزیراعلیٰ شہباز شریف سے نیپال کے سفیر بھرت راج پڈیال کی ملاقات،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال

بدھ 19 مارچ 2014 21:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان میں نیپال کے سفیر بھرت راج پڈیال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور سیاحت کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے نیپال کے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجو دہیں۔

دونوں ممالک کو سیاحت کے شعبہ میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ نیپال اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تجارتی تعلقات کو بھی فروغ دیا جانا چاہیئے۔ سیاحت کے شعبہ میں فروغ کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان سرکاری سطح پر وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں اور اس ضمن میں پنجاب حکومت شعبہ سیاحت کے فروغ کیلئے نیپال کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گی اور جلد ہی ایک وفد کھٹمنڈو جا کر نیپال کے حکام کے ساتھ شعبہ سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مری اور دیگر سیاحتی مقامات پر سیاحوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ مری کو سیاحوں کیلئے مزید خوبصورت بنانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شعبہ سیاحت کو فروغ دے کر نہ صرف ملک میں ٹورازم انڈسٹری کو ترقی دی جا سکتی ہے بلکہ کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر نیپال کے سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شعبہ سیاحت میں بہت پوٹینشل موجود ہے۔

نیپال پاکستان میں شعبہ سیاحت کے فروغ کیلئے ہرممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کرشماتی شخصیت کے مالک ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور کام سے لگن کے باعث پنجاب کو ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سیاست کو عوام کی خدمت کا محور بنایا ہے اور یہی ان کی کامیابی کی وجہ ہے۔ میں نے نیپال کی قیادت کو بھی وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے شاندار منصوبوں سے آگاہ کیا ہے جس پر وہ بھی ان کی بہت معترف ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم و سیاحت رانا مشہود احمد خان، سیکرٹری سیاحت اور چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں