بھارت پاکستان کو 500میگاواٹ بجلی کی فراہمی کیلئے تیار ہے ،دونوں ممالک کی ٹیکنیکل ٹیمیں جلد رپورٹ پیش کریں گی ‘ بھارتی ہائی کمشنر،پاکستان اوربھارت انڈس کمشنر کے نئی دہلی میں ہونیوالے اجلاس میں پانی کا مسئلہ زیر بحث آئے گا ، ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان

منگل 18 مارچ 2014 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء) پاکستان میں تعینات بھارتی سفیر ڈاکٹر ٹی سی اے راگھون نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو 500میگاواٹ بجلی کی فراہمی کیلئے تیار ہے ،دونوں ممالک کی ٹیکنیکل ٹیمیں جلد رپورٹ پیش کریں گی ،پاکستان اور بھارت کے انڈس کمشنر کے نئی دہلی میں ہونیوالے اجلاس میں پانی کا مسئلہ زیر بحث آئے گا ، تعلقات میں بہتری آنے اوروقت کے ساتھ ساتھ پانی کا مسئلہ بھی حل ہو جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت لاہور کے زونل دفتر میں صنعتکاروں اور تاجروں کے اجلاس سے خطاب اور بعدا زاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے اور دونوں ممالک کا تجارت کو بڑھانے کی طرف سے اقدامات خوش آئند ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور آزادانہ تجارت کے آغاز کے بعد اس میں مزید بہتری آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کی نسبت پاکستانی کاروباری افراد کو بھارت کے ویزوں میں آسانی فراہم کی گئی ہے۔تجارت بڑھانے کیلئے دونوں ملکوں میں نمائشوں کا انعقاد اور وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جہاں تک واہگہ بارڈر کے راستے 24گھنٹے تجارت جاری رکھنے،فری ٹریڈ زون کا قیام اور ایک دوسرے کے ممالک میں بنک برانچیں کھولنے پر غووروخوض ہو رہا ہے اور اس اقدام سے دونوں ممالک کی معیشت بھی مضبوط ہو گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بڑی تجارتی منڈی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اس سے استفادہ کرے۔انہوں نے آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ کرکٹ بورڈ ز کا مسئلہ ہے جو اسے حل کر لینگے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں