شیخ علاؤ الدین کا اخبارات کے کالموں میں اراکین اسمبلی کے کردار کو منفی انداز میں پیش کرنے پر احتجاج

منگل 18 مارچ 2014 16:58

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مارچ 2014ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن شیخ علاؤ الدین نے اخبار ات کے کالموں میں اراکین اسمبلی کے کردار کو منفی انداز میں پیش کرنے پر شدید احتجاج کیا جبکہ اس موقع پر دیگر اراکین نے بھی انکا بھرپور ساتھ دیا ، ڈپٹی اسپیکر نے تحریک استحقاق پیش کرنے کا کہہ دیا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شیخ علاؤ الدین نے ایک اخبار میں شائع ہونے والے کالم کی کٹنگ ڈپٹی اسپیکر سردارشیر علی گورچانی کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس میں لکھا ہے کہ اراکین اسمبلی جرائم او ربرائی کی جڑ ہیں اور نوکریاں بانٹتے ہیں حالانکہ ہم بے بس ہیں ۔

ہم اراکین اسمبلی اس تنقید کا اس لئے جواب نہیں دے سکتے کہ ہمارے پاس پریس نہیں ۔ انہوں نے ڈپٹی اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری آپ سے درخواست ہے کہ اس پرنوٹس لیں ۔ اس دوران وارث کلو اور ملک احمد سمیت دیگر اراکین اسمبلی بھی کھڑے ہو گئے اور اس پر احتجاج کیا ۔ جس پر اسپیکر نے شیخ علاؤ الدین سے کہا کہ آپ اس معاملے پر تحریک استحقاق لے کر آئیں گے ۔ مجھے اس ایوان کی عزت آپ سب سے زیادہ عزیز ہے جس پر شیخ علاؤ الدین نے کہا کہ میں تحریک استحقاق لاؤں گا اور پھر فیصلہ ہونا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں