پاکستان میں پولیو کے بعد ایچ آئی وی ایڈز میں نہایت تیز رفتار ی سے اضافہ... تعدادلاکھوں تک جا پہنچی

پیر 17 مارچ 2014 15:08

پاکستان میں پولیو کے بعد ایچ آئی وی ایڈز میں نہایت تیز رفتار ی سے اضافہ... تعدادلاکھوں تک جا پہنچی

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17مارچ 2014ء) پاکستان میں پولیو کے بعد ایچ آئی وی ایڈز میں نہایت تیز رفتار ی سے اضافہ سامنے آیا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں ایڈز سے متاثرہ رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 8 ہزار جبکہ غیر رجسٹرڈ مریض کی تعدادایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے‘ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے پروگرام منیجر سید جاوید نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی وی ایڈز میں اضافہ کی بنیادی وجوہات جنسی تعلقات کی بجائے خون کی غیر محفوظ منتقلی اور انجکشن کے ذریعے منشیات کا استعمال ہیں۔

فیصل آباد‘ کراچی‘ لاہور اور پشاور بالترتیب ایڈز سے شدید متاثرہ شہر قرار پائے ۔

(جاری ہے)

آن لائن کو مو صولہ سرکاری دستاویزات کے مطابق 2011 ء میں ایچ آئی وی ایڈز کی رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 4308 تھی جن میں عورتوں کی تعداد 849 جبکہ مردوں کی تعداد 3280 تھی اور 179 بچے شامل تھے جو کہ 2012-13 ء میں ان کی تعداد بڑھ کر 5430 ہوگئی جن میں مردوں کی تعداد 4147 اور عورتوں کی تعداد 1770 جبکہ بچوں کی تعداد 227 تک پہنچ گئی اس سلسلے میں آن لائن کو خصوصی گفتگو میں نیشنل ایڈز پروگرام کے منیجر سید جاوید نے بتایا کہ اس وقت پورے ملک میں ایچ آئی وی ایڈز کے اٹھارہ سینٹرز کام کررہے ہیں جو کراچی‘ بلوچستان، پشاور اور لاہور میں قائم ہیں اور اس وقت رجسٹرڈ ایڈز مریضوں کی تعداد 8000 ہے جن میں زیادہ تر مریض ڈرگ ٹیکہ کے استعمال سے متاثر ہوئے ہیں.

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جنسی تعلقات سے متاثرہ ایڈز مریضوں کی تعداد انتہائی کم ہے اور نشہ آور ٹیکہ کی وجہ سے متاثرہ مریض زیادہ ہے جن میں فیصل آباد کی شر ح سب سے زیادہ 52 فیصد ہے کراچی 42 لاہور 40 اور پشاور 20 فیصد ہے جبکہ پورے ملک میں نشہ اور ٹیکوں سے ایڈز کے مریضوں کی شرح 27 فیصد ہے انہوں نے میڈیا ہیلتھ ‘ ایجوکیشن ‘ پارلیمنٹرین اور کمشنرز سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں ان کی مدد درکار ہے تاکہ لوگوں میں آگاہی مہم شروع کی جاسکے جس سے اس مرض کو کنٹرول کرنے میں کافی مدد گار ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں