پرویزالٰہی کی سیاست اب بیان بازی تک محدود ہو گئی ہے‘ رانا ثناء اللہ خاں ، نام نہاد اور کاغذی منصوبوں کا ذکر کرنے والوں کوعوام نے انتخابات میں مسترد کر دیا‘ وزیر قانون پنجاب

ہفتہ 15 مارچ 2014 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی کی سیاست اب محض بیان بازی تک محدود ہے، وہ اپنے لوٹ مار اور کرپشن کے دور کو یاد کرتے نہیں تھکتے، پرویز الٰہی نے اپنے دور حکومت میں ”پڑھا لکھا پنجاب“ اور اسی طرح کے دیگر کاغذی منصوبوں میں کرپشن اور اقرباپروری کے ریکارڈ بنائے، نام نہاد منصوبوں کا ذکر کرنے اورقوم کا پیسہ لوٹنے والوں کوانتخابات میں بری طرح مسترد کر دیا ہے، عوام پرویزالٰہی کی تاریخی بدعنوانی اور اقرباء پروری کے دور کو اب تک نہیں بھول پائے، مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبوں کے معیار‘ افادیت اور شفافیت کو ہر سطح پر سراہا گیاہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے فلاح وبہبود پر مبنی اقدامات کو نظر انداز کرنے اور بے جا تنقید کے ذریعے اپنی سیاست کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کرنے والے پرویزالٰہی اپنے لوٹ مار اور کرپشن کے دور کو یاد کریں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور پاکستان کا تشخص عالم اقوام میں بہتر بنانے کے لئے حکومتی کوششوں کا اعتراف ساری دنیا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کی سیاست اب محض بیان بازی تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ پرویزالٰہی دور کا ایک بھی منصوبہ کرپشن سے پاک نہیں جبکہ موجودہ حکومت کی شفافیت اور میرٹ کی ہر سطح پر تعریف کی جاتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں