ہیلپنگ ہینڈکا پنجاب سوشل سکیورٹی ہسپتال کیلئے 310ملین روپے مالیت کے آلات و ادویات کا عطیہ

ہفتہ 15 مارچ 2014 17:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مارچ 2014ء) امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے عطیات سے قائم تنظیم ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیویلپمنٹ کی طرف سے پنجاب سوشل سیکورٹی ہسپتال اسلام آباد میں فیکٹری ورکرز،مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کے علاج معالجے میں بہتری کے لئے 310 ملین روپے مالیت کے آلات وادویات کا عطیہ ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا ۔

وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کا اہل وطن کے لئے جذبہ خدمت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ عطیہ کے طور پرفراہم کئے گئے جدید آلات اور ادویات سے محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کے علاج معالجے میں مدد ملے گی ۔راجہ اشفاق سرورنے کہاکہ پنجاب سوشل سکیورٹی کے تمام فلاحی پروگرام کارکنوں کے اپنے فنڈ سے جاری ہیں اور جو سماجی تنظیمیں اورادارے اس میں تعاون کر رہے ہیں ان کا جذبہ قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مزدوروں اور فیکٹری ورکرز کے18 ہزار سے زائد بچے اعلی تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں اوربہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کو تعلیمی وظائف بھی دیئے جا رہے ہیں۔ قبل ازیں راجہ اشفاق سرور نے عطیہ کے طور پر دیئے گئے سامان کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ طبی آلات و ادویات کے دو کنٹینرز پر مشتمل عطیہ ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں