ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالتوں میں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی

ہفتہ 15 مارچ 2014 17:38

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مارچ 2014ء)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالتوں میں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر دی ۔بار ایسوسی ایشن کے صدر شفقت محمود چوہان اور دیگر کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہو رہائیکورٹ او رماتحت عدالتوں میں فول پروف سکیورٹی کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے جارہے اور اس نا اہلی کے سبب کوئی بھی حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جو ذمہ داران سیکورٹی فراہم کرنے میں غفلت کے مرتکب ہوئے ہیں ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے قرار واقعی سزا دی جائے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالتوں کے احاطہ میں ناقص سکیورٹی انتظامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں چھوٹی عدالتوں سے لیکر عدالت عالیہ تک جج صاحبان، وکلاء صاحبان اور سائلین حضرات اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں اور انصاف کی فراہمی میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ سیشن کورٹ لاہور ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ڈسٹرکٹ کورٹس اسلام آباد میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات نے ثابت کیا ہے کہ امن و امان قائم کرنے والی ایجنسیاں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں