وسائل کا رخ غریب طبقات کی فلاح کی جانب موڑ دیا،کم وسیلہ خاندانوں کی مالی معاونت کے پروگرام کوحتمی شکل دیدی گئی‘ شہبازشریف،محروم معیشت طبقات کو ریلیف اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے فلاحی پروگرام کامیابی سے جاری ہیں،غریب گھرانوں کیلئے خدمت کارڈ کا اجراء 23مارچ 2014سے ہوگا،لاکھوں غریب خاندان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے،پسماندہ علاقوں میں دانش سکولوں کے ذریعے خاک آلودگلیو ں کے غریب بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھو ل دئیے ہیں‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

بدھ 12 مارچ 2014 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا عوام کی ترقی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے،اربوں روپے کے فنڈز عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں، وسائل کا رخ غریب طبقات کی فلاح و بہبود کی جانب موڑ دیا ہے،ہماراہر قدم محروم معیشت طبقات کو ریلیف کی فراہمی اور انہیں ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے اٹھ رہا ہے، کم وسیلہ خاندانوں کی مالی معاونت کے پروگرام کوحتمی شکل دے دی گئی ہے،غریب گھرانوں کی مالی معاونت کے لئے 23مارچ 2014سے خدمت کارڈ کا اجراء کیاجارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں مختلف ا ضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

منتخب نمائندوں نے اپنے علاقوں کے ترقیاتی مسائل اور ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ملاقات کرنے والوں میں راؤ اجمل، احسان الدین قریشی، ذوالفقار غوری، رانا شعیب ادریس خان اور رائے عثمان خان کھرل شامل تھے۔

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اراکین ا سمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ دو ر حکومت میں مکمل کئے گئے ترقیاتی منصوبوں سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔گزشتہ دور میں شروع کیا گیا پنجاب کی ترقی کا سفر کامیابی سے جاری ہے،محنت، ا مانت ، دیانت اور جدوجہد کے ذریعے پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے فلاحی پروگرامو ں سے صوبے کے لاکھوں غریب خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔

کم وسیلہ خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی کے پروگرام سے بھی لاکھوں غریب خاندان مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کم ترقی یافتہ علاقو ں میں ترقیاتی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جارہی ہیں۔جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ پسماندہ علاقوں میں تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے پر خطیر وسائل صرف کئے جارہے ہیں۔غریب خاندانوں کے خاک آلودگلیوں کے بچوں پر دانش سکولوں کے ذریعے معیاری تعلیم کے دروازے کھول دئیے ہیں۔ ان دانش قدوں میں غریب بچوں کو تعلیم کے علاوہ قیام وطعام کی سہولتیں مفت حاصل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی پر زوردیا کہ وہ عوام سے روابط بڑھائیں اوران کے مسائل کے حل میں کوئی کسر ا ٹھا نہ رکھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں