ساؤتھ ایشیا ء لیبر کانفرنس کی تیاریاں زور و شور سے جاری، مالدیپ کے وزیر مملکت وفد کے ہمراہ شرکت کریں گے

بدھ 12 مارچ 2014 17:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مارچ 2014ء)اگلے ماہ لاہور میں منعقدہونے والی ساؤتھ ایشیا ء لیبر کانفرنس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،مالدیپ کے وزیر مملکت محمد غاسن مومن، وفاقی سیکرٹری لیبر محمد ماحد شریف ،مریم زونہ اور مریم شردہ پر مشتمل وفدصوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی دعوت پر کانفرنس میں شرکت کرے گا، کانفرنس میں ویمن چیمبر آف کامرس انڈسٹریز اور دیگر اداروں کے اشتراک سے خواتین کے ہنر اور فنون نیز پینٹنگز کی نمائش منعقد کی جائے گی جس میں صوبہ پنجاب کی مزدور خواتین اور ہوم بیسڈ ورکرز کے ہنر اور فن کو سارک ممالک کے وزراء اور مندوبین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

یہ بات بدھ کے روز ادارہ سوشل سکیورٹی پنجاب میں صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتائی گئی ۔

(جاری ہے)

اراکین صوبائی اسمبلی وحید گل ، سائرہ افتخار اورحناپرویز بٹ کے علاوہ سیکرٹری لیبر کیپٹن (ر) محمد یوسف ، کمشنر سوشل سکیورٹی فرحان عزیز خواجہ، آئی ایل او کے کنسٹنٹ بنیاامین اور محکمہ لیبر کے متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

سیکرٹری لیبر کیپٹن (ر) محمد یوسف نے اجلاس کو بتایاکہ 24تا 26اپریل لاہور میں منعقد ہونے والی اس ساؤتھ ایشیا لیبر کانفرنس میں مزدوروں کے مسائل اور لیبر لاز کے حوالے سے ورکشاپس منعقدہوں گے، گورنر ہاؤس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے کانفرنس میں شریک سارک ممالک کے وزراء اوردیگر مندوبین کے اعزاز میں عشایہ دیا جائے گا، صوبہ پنجاب کے ہنر مندوں اور خواتین کی کاریگری کے نمونوں کی نمائش بھی منعقد ہوگی۔

حضوری باغ میں صوبہ پنجاب کی ثقافت خصوصاً مزدوروں سے متعلق کلچرل شو منعقد ہوگا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ اختتامی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف خصوصی طورپر شرکت کریں ۔ سیکرٹری لیبر نے بتایا کہ اس کانفرنس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو بھی مدعو کیا جارہاہے جبکہ یورپی یونین، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن ، وفاقی اور حکومت پنجاب مشترکہ طور پر پنجاب کے چیمبر آف کامرس انڈسٹری کے تعاون سے تمام انتظامات مکمل کررہی ہے۔

اس حوالے سے کانفرنس کے انعقاد کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے 8کور کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر تمام انتظامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ اس کانفرنس میں چین اور ترکی کے مندوبین کے علاوہ پاکستان کے صنعتی اور تجارتی یونین، لیبر تنظیموں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں