پاکستان کا مستقبل تابناک ہے ،وزیر اعظم نواز شریف امن کے لئے ہرممکن کوششیں کر رہے ہیں ‘ حمزہ شہباز شریف ،ہم محنت اور ایمانداری سے ملک کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں ،گیس بحران پر سال بھرمیں قابو پا لیا جائیگا‘ رکن قومی اسمبلی

منگل 11 مارچ 2014 20:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور وزیر اعظم نواز شریف امن کے لئے ہرممکن کوششیں کر رہے ہیں اور انشا اللہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرخرو ہو گی جس سے ہمارے معصوم بچے اور بچیاں نا حق قتل سے محفوظ ہو جائیں گی۔ وہ منگل کے روز یہاں بہاو لپور میں سابق رکن قومی اسمبلی چوہدر ی سعود مجید کے والد چوہدری عبد المجید کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے بات چیت کر رہے تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزرا رانا مشہود احمد، ملک اقبال چنڑ، مسلم لیگی رہنما پرویز ملک، منشا بٹ، علی حسن گیلانی، چوہدری خالد محمود ججہ و دیگر معززین بھی موجود تھے۔ حمزہ شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم محنت اور ایمانداری سے ملک کی ترقی کے لئے کام کر رہے ہیں اور گیس کے بحران پر سال بھرمیں قابو پا لیا جائے گا اور اس ملک کو قائد اعظم کا خوشحال پاکستان بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر کی قیمت اس قدرگری ہے اور روپے کی قدر بڑھی ہے جو کہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے خوش آئند ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے چین سے ملک میں مختلف منصوبوں کے لئے 32ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کے منصوبوں کامعاہدہ کیا ہے اور ہر سال ساڑھے 4ارب ڈالر خرچ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت کاشغر پراجیکٹ کے علاوہ کراچی سے ملتان 6رویہ موٹر وے ، گڈانی پاور پلانٹ، سولر پارک جیسے منصوبوں کی تکمیل شامل ہے۔

قبل ازیں سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری سعود مجید نے بھی اظہار خیال کیا۔اس سے قبل ایم این اے حمزہ شہباز شریف نے سابق رکن قومی اسمبلی سعود مجید کے والد معروف صنعتکار چوہدری عبدالمجید کی وفات پر ان کے گھر جا کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا،مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم چوہدری عبدالمجید مسلم لیگ کے دیرینہ ساتھی تھے اورپارٹی کیلئے ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم کے خاندان کے ساتھ ان کے خاندان کا ذاتی تعلق ہے اور انہوں نے مشکل کی ہر گھڑی میں پارٹی قیادت کا ساتھ نبھایا ہے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق ایم این اے چوہدری سعود مجید نے کہا کہ ہماری دکھ کی اس گھڑی میں مسلم لیگ کی قیادت اور کارکنان نے ڈھارس بندھائی اس کیلئے ہم شکر گزار ہیں ۔ اس موقع پر چوہدری مسعود مجید ،چوہدری محمود مجید،چوہدری سعد مسعود سمیت صوبائی وزرا رانا مشہود احمد، اقبال چنڑ، مسلم لیگی رہنما پرویز ملک، منشا بٹ، علی حسن گیلانی، چوہدری خالد محمود ججہ،یزمان بار کے وکلاء و دیگر معززین بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں