ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوتا‘ گورنر پنجاب ،دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں متفق ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے،موجودہ حکومت اووسیر پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے‘ چوہدری محمد سرور

پیر 10 مارچ 2014 20:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) گو رنر پنجا ب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوتا،ہم نے اس جنگ میں اپنے پچاس ہزار بہن بھائیوں کی قربانیاں دی ہیں اور یہ بات بھی واضح ہے کہ دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے،دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں متفق ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز مقامی ہوٹل لاہور میں مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیراہتمام انٹرنیشنل مارکیٹنگ کانگرس مارکون کے حوالے سے منعقدہ دوروزہ افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین مارکون انٹرنیشنل خلیق الرحمان اور جنرل سیکرٹری مارکون سید عمران حسن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے نہ صرف کوشاں ہے بلکہ بہت کم عرصے میں ملکی معیشت کو صحیح سمت پر ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ان مدبرانہ پالیسیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی ملک کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور اب نہ صرف اوورسیز پاکستانی بلکہ بیرونی بزنس کمیونٹی بھی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اووسیر پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔

گورنر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون سے ہم اپنے زرمبادلہ کو 15ارب تک بڑھا سکتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ ملک سے توانائی کا بحران موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس پر بہت جلد قابو پالیا جائے گاکیونکہ اس مسلے کو حل کئے بغیر ہم جی ایس پی پلس سٹیٹس سے مکمل فائدہ حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے موٴثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اس موقع پرگورنر پنجاب نے مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان مصنوعات اور خدمات کی تیزی سے افزائش پذیر مارکیٹ ہے اور جی ایس پلس سٹیٹس کی وجہ سے یورپ کی مارکیٹ تک رسائی مسابقت سے پرہے مگر انتہائی مثبت نتائج دے سکتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ میپ بزنس کمیونٹی کے لئے مشعل راہ ثابت ہو سکتی ہے۔

قبل ازیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری مارکون سید عمران حسن نے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں پاکستان کے علاوہ بھارت، سنگاپور اور ملائشیا کے ماہرین بھی شریک تھے۔ بعد ازاں،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گورنر ہاؤس لاہور میں آل پاکستان ڈاؤن سنڈروم ویلفیئر فاؤنڈیشن /الجلال ویلفیئر ٹرسٹ جہلم کے زیراہتمام ڈاؤن سنڈروم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے وہی زندگی اور کامیابی کی علامت ہوتے ہیں جو اپنے مستحق،کمزور اور خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خدمت انسانیت سے بڑھ کر کوئی کام نہیں اور معاشرے کے غریب اور نادار افراد کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنا ہمارا دینی اور قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا معاشرے کے اس پسے ہوئے طبقے کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے سے نہ صرف ان کی مشکلات میں کمی کی جاسکتی ہے بلکہ ان کی بہتر تعلیم و تربیت کے ذریعے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بھی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تھوڑی سے توجہ ان بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنا سکتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ایسے ادارے جو ان بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کی تعلیم و تربیت کے لئے کام کر رہے ہیں حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لائے گی۔تقریب میں الجلال ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر میں جلال اکبر ڈار نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے ادارے کی انتظامیہ اور اساتذہ اکرام میں شیلڈ بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں