کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کیلئے صوبے میں6مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے ‘ شہباز شریف،توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے ہماری محنت رنگ لائے گی،انشاء اللہ قوم کو جلد اندھیروں سے نجات ملے گی،کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کیا جارہا ہے ‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

پیر 10 مارچ 2014 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے شب روز کوشاں ہے اور توانائی کے حصول کے متبادل اور سستے ذرائع کے استعمال پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے، صوبے میں کوئلے سے بجلی کے منصوبے لگانے کے لئے 6 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے، ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2کول پاور پلانٹس لگائے جائیں گے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کول پاورمنصوبوں پر عملدر آمد کے لئے کارپوریٹ کی طرز پر جامع میکانزم تیار کیا جائے۔

وہ سوموار کے روز یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس کے دوران ساہیوال میں کول پاو رپلانٹس لگانے کے سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ساہیوال میں کول پاو رپلانٹس کی ٹائز لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز قائداعظم سولر پارک عارف سعید ، ایم ڈی نیسپاک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور انشااللہ توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ہماری محنت ضرور رنگ لائے گی اورقوم کو جلداندھیروں سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کول پاور پلانٹس کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔

قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، وقت ضائع کئے بغیر منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کول پاور پلانٹس کے لئے کولنگ سسٹم کے حوالے سے بھارتی ماڈل کا جائزہ لیا جائے۔ شفافیت پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے، منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے حویلی بہادر شاہ، جھنگ اور رحیم یار خان میں بھی کول پاور پلانٹس لگانے کیلئے سٹڈی کرنے کی ہدایت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں