بجلی کی قیمتوں میں مزید 2روپے فی یونٹ اضافہ انڈسٹریز کو بحران میں مبتلا کردے گا‘ ظہیر بھٹہ

پیر 10 مارچ 2014 15:46

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مارچ 2014ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے دی گئی درخواست اور اس کے نتیجہ میں 2روپے فی یونٹ متوقع اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید2روپے فی یونٹ اضافہ انڈسٹریز کو بحران میں مبتلا کردے گا، انڈسٹریز کو پہلے ہی صنعتی مقاصد کیلئے انتہائی مہنگی بجلی فراہم کی جارہی ہے جس میں ہر ماہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ سے بجلی کے فی یونٹ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ،صنعتی ترقی کیلئے سستی بجلی کی فراہمی ازحد ضروری ہے مہنگی بجلی کے باعث پیدواری لاگت میں اضافہ اور ملک میں مہنگی میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے اس لیے بجلی بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کا سلسلہ مستقبل بنیادوں پر ختم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے میاں خرم الیاس سینئر وائس چیئرمین ،عامر عطاء باری وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ظہیر بھٹہ نے کہا کہ حکومت تمام صوبوں کے انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کے یکساں ٹیرف مقرر کیے جائیں کیونکہ دوسرے صوبوں کی نسبت پنجاب میں صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کے نرخ زیادہ ہیں جو پنجاب کے ساتھ زیادتی ہے حالانکہ سب سے زیادہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی بھی پنجاب سے ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سستی بجلی کے حصول کیلئے توانائی کے سستے ذرائع سے استفادہ کرے جن میں کالا باغ ڈیم بھی شامل ہے جس کی تعمیر سے سستی بجلی سسٹم میں آئے گی اور بجلی بحران کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔اس لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور اس کی تعمیر فی الفور شروع کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں