وزیراعلیٰ سے چین کے معروف گروپ شین ڈونگ رویائی کے چیئرمین کی ملاقات،ٹیکسٹائل اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش ،صنعتی ترقی،توانائی بحران کے خاتمے اور معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں‘محمد شہباز شریف، ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے وسیع قطعہ اراضی پرجدید اپیرل پارک کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے دن رات کام کر کے جلد مکمل کیا جائیگا ، پنجاب کا وفد جلد چین جاکر رویائی گروپ کے انڈسٹریل زون کا دورہ کرے گا،چینی گروپ کی توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی پیشکش خوش آئندہے ‘وزیر اعلیٰ،اپیرل پارک کے قیام میں ٹیکنیکل تعاون کی فراہمی کیساتھ 119ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرینگے،مسعود ٹیکسٹائل سے ملکر 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں‘یافوچی یو

اتوار 9 مارچ 2014 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی،توانائی بحران کے خاتمے اور معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے،جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ چین کی جانب سے پاکستان کیلئے 32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج پر بھرپور طریقے سے محنتئ کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا۔ چینی پیکیج کے تحت انفراسٹرکچر ، توانائی ،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر منصوبے لگائے جائیں گے۔

پاکستان اور چین کے مابین بڑھتے ہوئے تجارتی اشتراک سے دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے- پنجاب حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے وسیع قطعہ اراضی پرجدید اپیرل پارک بنارہی ہے۔پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں اپیرل پارک کے قیام کامنصوبہ نہایت اہمیت کاحامل ہے۔

(جاری ہے)

ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے پنجاب اپیرل پارک پر دن رات کام کر کے اسے جلد مکمل کیا جائے گا - اس اپیرل پارک کے قیام میں چین کا گروپ شین ڈونگ رویائی تکنیکی معاونت فراہم کر سکتا ہے ۔

وہ ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے معروف گروپ شین ڈونگ رویائی کے چےئرمین یافوچی یو کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ صوبائی وزرأ چودھری محمد شفیق ،چودھری شیر علی خان، ارکان اسمبلی، چیئرمین فیڈمک، چیف ایگزیکٹو آفیسر مسعود ٹیکسٹائل ملز شاہد نذیر، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کے علاوہ رویائی گروپ کے وائس چیئرمین ، سنےئر نائب صدر اور دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری اور پنجاب اپیرل پارک میں ٹیکسٹائل انڈسٹری لگانے کے معاہدے پر پیشرفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر شین ڈونگ رویائی گروپ نے ٹیکسٹائل کے علاوہ توانائی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے ٹیکسٹائل کے شعبے کی مزید ترقی اور برآمدات میں اضافے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

یورپی یونین کی فراہم کردہ سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا تاکہ نہ صرف ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ ہو بلکہ پاکستان میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ بیجنگ میں چین کی حکومت اور مختلف کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں توانائی سمیت دیگر شعبوں کیلئے 32ارب ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری کے پیکیج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکیج کا سب سے بڑا حصہ یعنی20ارب ڈالر توانائی کی شعبے کی ترقی پر خرچ کیا جائیگا۔

انہوں نے رویائی گروپ کی طرف سے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ملکی اور غیرملکی اداروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں کول پاور پلانٹ لگانے کیلئے 6مقامات کی نشاندہی کی ہے۔ چینی گروپ ان 6مقامات میں سے کسی مقام کا کو ئلے سے بجلی کے حصول کیلئے پاور پلانٹ لگانے کا انتخاب کرسکتا ہے۔

ہم نے اپنے عوام سے اندھیرے جلد دور کرنے کا وعدہ کیاہے ، یہی وجہ ہے کہ توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں-پنجاب حکومت ساہیوال میں اپنے وسائل سے کوئلے کے 660میگاواٹ کے 2پاور پلانٹ لگا رہی ہے۔ پنجاب حکومت کا وفد جلد چین جاکر شین ڈونگ رویائی گروپ کے انڈسٹریل زون کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہچین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش خوش آئندہے اور ہم چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں توانائی اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

چیئرمین شین ڈونگ رویائی گروپ یافوچی یو نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کے ساتھ اپیرل پارک کے قیام ،ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ اور توانائی کے شعبے میں تعاون کرنا چاہتے ہیں ۔ اپیرل پارک کے قیام میں ٹیکنیکل تعاون کی فراہمی کے ساتھ یہاں119ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی گروپ مسعود ٹیکسٹائل سے مل کر پنجاب میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہاہے۔ ہمار ا گروپ بجلی کے مسئلے پر قابو پا نے کے لئے پنجاب حکومت کے سا تھ تعاون کو فروغ دینا چاہتاہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں