عدلیہ سستا اور فوری انصاف یقینی بنائے :چیف جسٹس

ہفتہ 8 مارچ 2014 23:58

عدلیہ سستا اور فوری انصاف یقینی بنائے :چیف جسٹس

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) سپریم کورٹ پاکستان کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی عدلیہ کی اولین ذمے داری اور ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں انصاف کے اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ وہ گذشتہ روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہے لہذا تمام سطح کی عدالتوں میں بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کہ اٹھارہ سے انیس اپریل تک عالمی عدالتی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران چیف جسٹس نے ماتحت عدلیہ کی جانب سے زیر التوا مقدمات نمٹانا خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی عدلیہ کی ذمہ داری ہے، اس کے علاوہ آئین کے تحت عدلیہ کی یہ بھی ذمہ داری ہے وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے، اس سلسلے میں حکومت سے کہا تھا کہ عدالتوں میں ججزکی تعداد بڑھائیں تاکہ فیصلے جلد کئے جاسکیں اور فیصلے کرنے میں آسانی بھی ہو۔

(جاری ہے)

تارکین وطن پاکستانی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ کا سیل ان کی شکایات کا ازالہ کررہا ہے۔چیف جسٹس نے عدلیہ پر زور دیا کہ وہ عوام کو تیز تر اور سستے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لگن سے کام کریں کیونکہ ہر نظام میں ہر وقت بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔

چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس تصدق حسین جیلانی کی صدار میں ہونے والے اجلاس میں کمیٹی کے ممبران چیف جسٹس وفاقی شریعت کورٹ آغا رفیق احمد،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال،چف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسی ،چیف جسٹس سند ہ ہائی کورٹ مسٹر جسٹس مقبول باقر اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ میاں فصیح الملک شریک ہوئے جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد انور خان کاسی،چیف جسٹس سپریم کورٹ آف آزاد جموں کشمیر مسٹر جسٹس محمد اعظم خان،چیف جسٹس سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان مسٹر جسٹس رانا محمد ارشد خان،چیف جج ہائی کورٹ آف آزاد جموں کشمیر مسٹر جسٹس غلام مصطفی مغل اور چیف جج چیف کورٹ آف گلگت بلتستان مسٹر جسٹس صاحب خان خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس میں ضلعی عدلیہ میں زیر التواءمقدمات،مالیاتی اداروں کے خلاف اور انکی اپیلوں،چالان داخل کرنے میں تفتیشی ایجنسیوں کی کارکردگی سمیت ٹیکس اور ریونیو معاملات کا جائزہ لیا گیااور عدالتی انفراسٹرکچر سمیت دیگر امور کا بھی زیر غور آئے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں