پاکستان کی جیت کی خوشی منانیوالے کشمیری طلبا کیخلاف بغاوت کے مقدمات قائم کرنا بھارت کی پاکستان دشمنی کا کھلا ثبوت ہے ‘ سید منور حسن،اسلام آباد کچہری میں دہشت گردی میں ”را “ کے ملوث ہونے کے تمام ثبوت اکٹھے کر کے بھارت کیخلاف عالمی اداروہ انصاف سے رجوع کیا جائے ،سکیورٹی اداروں کواپنے اندر موجود کالی بھیڑوں پر بھی نظر رکھنا ہوگی‘ امیر جماعت اسلامی کا مدینہ منور میں پاکستان کمیونٹی سے خطاب

جمعرات 6 مارچ 2014 21:19

مدینہ منورہ/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سیدمنورحسن نے پاکستان کی جیت کی خوشی منانے والے کشمیری طلبا کو بھارت کی یونیورسٹی سے خارج کرنے اور ان پر بغاوت کے مقدمات قائم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی پاکستان دشمنی کا کھلا ثبوت قرار دیا ہے، انہوں نے کہاکہ ایک طرف بھارت کی پاکستان دشمنی کا یہ عالم ہے اور دوسری طرف موجودہ حکمران بھارت سے دوستی اور اسے تجارت کے لیے انتہائی پسندیدہ ملک قرار دینے کے لیے بے چین ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اور سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ سیدمنورحسن نے روضہ رسول پر حاضری دی اور پاکستان کے استحکام اور امن کے قیام کے لیے دعا کی ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفارعزیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے اسلا م آباد کچہری کے واقعہ میں بھارت کی ایجنسی ” را“ کے ملوث ہونے کا کھلا اشارہ دیاہے ۔

پاکستان کو بھارت سے پر زور احتجاج کرنے کے بجائے حکمرانوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ بھارت پاکستان کو ممبئی واقعہ میں ملوث قرار دے کر پوری دنیا میں نہ صرف بدنام کر رہاہے بلکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیے اس کی پہلی شرط ہی یہ ہے کہ ممبئی حملوں میں ”ملوث مجرموں “کے خلاف کاروائی کی جائے ، حالانکہ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ یہ حملے بھارت کی ایجنسیوں نے خود کرائے تھے اور اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے اس کا الزام پاکستان پر لگادیا ۔

سید منورحسن نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام اور انتشار کا شکار کرنے کیلئے بھارت اپنے مکروہ ایجنڈے پر کاربند ہے ۔ تخریب کاری کے درجنوں واقعات کے پیچھے بھارتی نیٹ ورک کی موجودگی کے تمام ثبوت قومی سلامتی کے اداروں کے پاس ہیں ۔ایک طرف پاکستانی حکمران بھارت سے تجارت اور دوستی کیلئے مرے جارہے ہیں،دوسری طرف بھارت پاکستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبو تاژ کرنے کیلئے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے کمیٹیوں کووزیراعظم ہاؤس بلانا خوش آئند ہے ۔سید منورحسن نے کہا کہ امریکی بلیک واٹر کے کارندے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں مقیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی دہشت گردی میں ”را “ کے ملوث ہونے کے تمام ثبوت اکٹھے کر کے بھارت کے خلاف عالمی اداروہ انصاف سے رجوع کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ایک تھانہ کی خاتون ایس ایچ اوکا امریکہ بھاگ جانا اور اس کے گھر سے حساس مقامات اور عمارتوں کے نقشے اوردستاویزات کا برآمد ہونا انتہائی تشویش ناک ہے ،سیکیورٹی اداروں کواپنے اندر موجود کالی بھیڑوں پر بھی نظر رکھنا ہوگی ،امریکہ نے ہر جگہ اپنے ایجنٹوں کو ناصرف داخل کررکھا ہے بلکہ خدشہ ہے کہ بہت سے امریکی آلہ کار بڑے بڑے اور اہم مناصب پر براجمان ہیں اور حکومت ان کے ہاتھوں میں کھلونا بنی ہوئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں