وزیر اعلی کا سانحہ اسلام آباد میں شہید ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج کے بھائی سے اظہار تعزیت ،دہشت گردی کی کارروائیاں حوصلے پست نہیں کر سکتیں،دہشت گردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے،شہباز شریف،وزیراعلیٰ کی اسلام آباد کچہری دہشت گردی کے واقعہ کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی

بدھ 5 مارچ 2014 23:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے ہیلی کاپٹر کے چیف پائلٹ کرنل (ر) محمد صفدر سے ملاقات کی اور ان سے اسلام آباد کچہری دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے ان کے بھائی ایڈیشنل سیشن جج رفاقت حسین اعوان کی وفات پرتعزیت کی۔صوبائی وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کرنل (ر) محمد صفدر سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آبادکچہری میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اس واقعہ میں شہید ہونے والے جواں سال ایڈیشنل سیشن جج رفاقت حسین اعوان سمیت دیگر ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر انہیں دلی دکھ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کی ہر قسم کی کاروائیاں نا قابل قبول ہیں اور دہشت گرد ی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے اس موقع پر ایڈیشنل سیشن جج رفاقت حسین اعوان اور اسلام آباد سانحے میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور مغفرت کی دعا کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کرنل (ر) محمد صفدر سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہید ایڈیشنل سیشن جج رفاقت حسین اعوان کے سوگواراہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں