5 بڑے شہروں میں صفائی کا جدید نظام متعارف کرا رہے ہیں، راولپنڈی میٹرو بس منصوبے کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائیگا، شہبازشریف

بدھ 5 مارچ 2014 17:23

5 بڑے شہروں میں صفائی کا جدید نظام متعارف کرا رہے ہیں، راولپنڈی میٹرو بس منصوبے کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائیگا، شہبازشریف

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مارچ 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں سالڈویسٹ مینجمنٹ کے کامیاب تجربے کے بعد5 بڑے شہروں فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں صفائی کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے،دوست ملک ترکی کے تعاون سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کئی منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں، میٹروبس پراجیکٹ پاک ترک دوستی کی شاندار مثال ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات مفید معاشی روابط میں بدل چکے ہیں اور آنے والے وقت میں دونوں ملکوں کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ترکی کے بین الاقوامی ادارے البراک گروپ آف کمپنیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمت البراک کی سربراہی میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران توانائی، سالڈویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

البراک گروپ کے وفد میں ترکی کے سابق ڈی جی انرجی اینڈ پرائیوٹائزیشن حسن کوکٹاس ، سابق وزیر ماحولیات و جنگلات عثمان پیپے، ایم ڈی البراک ویسٹ مینجمنٹ باہری ترساکوز اور بنیامین کراکا شامل تھے جبکہ چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹری بلدیات اور ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے البراک گروپ کے چیئرمین احمت البراک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سالڈویسٹ مینجمنٹ کے لئے دیگر شہروں میں بھی لاہور کی طرز پر نظام وضع کیا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری پر خصوصی سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی میٹرو بس پراجیکٹ پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس سے لاکھوں افراد کو تیز رفتار، آرام دہ او ر باکفایت سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ پر روزانہ ایک لاکھ 75 ہزار مسافر سفر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں اور میٹرو بس پراجیکٹ قومی وسائل کے عوام کیلئے بہترین استعمال کی اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ البراک گروپ توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کا جائزہ لے، ترک سرمایہ کاروں کی توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔

اس موقع پر البراک گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے کہا کہ ان کا گروپ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ انہوں نے میٹرو بس پراجیکٹ کو ایک شاہکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو قلیل مدت میں مکمل کرنا وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کارنامہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں