پانی کے ایشو پر کبھی پاک بھارت جنگ نہیں ،بھارت نے پانی روکا تو وہ اپنے ملک میں اپنی حکومت کیخلاف کھڑے ہونگے‘ کلدیپ نیئر،ویزہ پابندیاں نرم کر کے ٹور ازم اور ٹریڈ کو فروغ دے کرپاکستان اور بھارت کے عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے‘ مہیش بھٹ

پیر 3 مارچ 2014 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) سینئربھارتی صحافی کلدیپ نئیر نے کہا ہے کہ صحافیوں کا یہ کام نہیں کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ دیں بلکہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ عوامی ایشوز کے حل کیلئے لکھیں اور آواز بلند کریں جبکہ ممتازبھارتی فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ مانا کہ یہ اینٹرٹیمنٹ کا زمانہ ہے مگر عوام کو تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنا صحافیوں کا نہیں بلکہ فلم انڈسٹری کا کام ہے ۔

انھوں نے یہ بات گزشتہ روزلاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشدانصاری نے معزز مہمانوں کولاہور پریس کلب کی اعزازی لائف ممبر شپ دینے کا اعلان بھی کیا۔ کلدیپ نیئر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں طرف کے صحافی ایک دوسرے کے ملکوں سے متعلق ایشوز پر منفی خبریں اچھالتے ہیں جو کہ اچھی بات نہیں ،یہ اسٹیبلشمنٹ کی زبان ہے ،صحافیوں کو نفرت پھیلانے اور غلط انفارمینشن پھلانے کا کوئی حق نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے اخبار نویسوں نے آزادی صحافت اور شہری آزادیوں کیلئے کوڑے کھائے اور جیلوں میں گئے ۔ایک سوال پر کلدیپ نائر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین پانی کے ایشو پر کبھی جنگ نہیں ہو گئی اور اگرکبھی بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو وہ اس ایشو پر اپنے ملک میں اپنی حکومت کیخلاف کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان سے اپنے تاریخی انٹرویو کے بارے میں سوال پر کہا کہ یہ کوئی گپ شپ نہیں تھی بلکہ یہ ایک مکمل انٹرویو تھا ،مشاہد حسین میرے دوست تھے مجھے بعد میں اندازہ ہوا کہ مجھے اس انٹرویو میں مس یوز کیا گیاتھا ۔ان کا کہنا تھا کہ امن کیلئے دونوں ملکوں میں اعتماد سازی کو بڑھانا ہو گا۔اس موقع پر مہیش بھٹ نے کہا کہ ویزہ پابندیاں نرم کر کے ٹور ازم اور ٹریڈ کو فروغ دے کرپاکستان اور بھارت کے عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے فلم ساز ایک دوسرے کے ملک میں شوٹنگ کر کے اپنی فلم کے بجٹ کو کم کر سکتے ہیں ۔پروگرام کے آخر میں لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے معزز مہمانوں کو پریس کلب آنے پر شکریہ ادا کیا اورانھیں شیلڈزاور گلدستے پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں