پنجاب یوتھ فیسٹیول ، پاکستان انڈیا پنجاب گیمز کا آغاز ، مردوں کی کبڈی ٹیم نے بھارت کو شکست دیدی،پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں مردوں کی کبڈی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے بھارت کو 51-34سے ہرایا، خواتین کی بھارتی کبڈی ٹیم نے پاکستان کو 38-15سے شکست دی،بھارت کی طرف سے سکھمیر اورکلمندر نے9 ،9 ، پوائنٹس حاصل کیے

پیر 3 مارچ 2014 19:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) پاکستان انڈیا پنجاب گیمز کا لاہور میں باقاعدہ آغاز ہو گیا ، ایونٹ کے ابتدائی روز روایتی حریفوں کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوئے۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام پاکستان انڈیا پنجاب گیمز کے کبڈی مقابلے میں پاکستانی پنجاب کے کھلاڑیوں نے اپنے عمدہ کھیل سے دھوم مچا دی۔ افتتاحی روز کبڈی کے مردوں کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو شکست دی تو خواتین کے مقابلے میں مہمان ٹیم میزبان سائیڈ کو زیر کرنے میں کامیاب رہی۔

مردوں کے کبڈی میچ میں پاکستان نے بھارت کو 34 کے مقابلے میں 51 پوائنٹس سے شکست دی۔ پنجاب سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے اس مقابلے میں میزبان ٹیم نے مہمان سائیڈ کو کھیل کے آغاز سے ہی آؤٹ کلاس کئے رکھا اور حریف ٹیم کے خلاف وقفے وقفے سے پوائنٹس حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

(جاری ہے)

پہلے ہاف میں میزبان ٹیم کو مہمان سائیڈ کے خلاف 30-13 کی سبقت حاصل تھی۔

پاکستانی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ دوسرے ہاف میں بھی جاری رکھا او ر کھیل کے بعض مواقعوں پر ناممکن پوائنٹس کو ممکن بنا کرسٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں سے بھر پور داد وصول کی

۔پہلے ہاف میں پاکستانی جاپھیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور بھارتی ساہیوں کی ایک نہ چلنے دی ۔ دوسرے ہاف میں بھارتی کھلاڑیوں نے نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا تاہم وہ میزبان ٹیم کی سبقت ختم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

پاکستانی ٹیم کی طرف سے لالہ عبیداللہ اور پرنس آف پاکستان بابر گجر میچ کے ہیروز رہے۔ دونوں نے بالترتیب12 اور 8 پوائنٹس سکور کئے۔ محسن نصیر واہلہ، محمد مطلوب ، شہزاد اکمل ڈوگر 5،5، خالد مہررانا نعیم بابر4،4 ، شفیق چشتی 3 تجمل باجودہ2 جبکہ جانی سنیارا ، وقاص احمد گجراور عمران مانی نے ایک، ایک پوائنٹ حاصل کیا۔ بھارتی ٹیم کی طرف سے سندیپ سرخ پریا9، کپتان سکھی سراواں8 لب پریت 5 اور وکی 4 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں رہے۔

کبڈی ٹیم کے کپتان بابر پرنس نے میچ میں ٹیم کی فتح کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ایک ماہ تک تربیتی کیمپ میں سخت محنت کی جس کا پھل ہمیں فتح کی صورت میں ملا ہے.

انہوں نے کہاکہ کبڈی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے ہمیں ہرایا تھا جس کا حساب آج ہم نے میچ جیت کر برابر کر دیا ہے۔ خواتین کے کبڈی مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 38-15 سے شکست دی۔

پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں بھارت کی طرف سے سکھمیر اورکلمندر نے9 ،9 ، پوائنٹس حاصل کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پریانکا 8، انعم پریت اور انورانی نے6 ،6 پوائنٹس حاصل کئے۔ پاکستان کی طرف سے ندا بٹ سب سے زیادہ4 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ آگسٹا ، مدیحہ لطیف 3,3، نیلم ریاض اور سائرہ شاہ نے2،2 جبکہ سعدیہ خلیق نے ایک پوائنٹ حاصل کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں