پاکستان اور جرمنی کے مابین تجارت کو فروغ دینے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے‘ محمد شہبازشریف

پیر 3 مارچ 2014 17:38

پاکستان اور جرمنی کے مابین تجارت کو فروغ دینے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے‘ محمد شہبازشریف

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مارچ 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کودرپیش توانائی کی کمی کے مسئلے سے قومی معیشت سمیت زندگی کے تمام شعبے بری طر ح متاثر ہوئے ہیں، تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کے فروغ اور قومی معیشت کے استحکام کے لئے توانائی کے بحران پر قابو پانا بے حد ضروری ہے، حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے ملکی وغیر ملکی سرمایہ کارو ں کو ترجیحی بنیادوں پر خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں، متعدد غیر ملکی توانائی کی کمپنیوں سے معاہدے کئے گئے ہیں اوران معاہدوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جارہا ہے، پنجاب میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جرمن سرمایہ کارو ں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پاکستان میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹرسیرل نن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی- ملاقات میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب میٹروبس اتھارٹی بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے جرمن سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور جرمنی پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے تاہم دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ جرمنی توانائی سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو درپیش توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے مخلصانہ کاوشیں کی جارہی ہیں۔

وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت بھی کوئلے ، ہائیڈل،سولراور دیگر متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب میں کوئلے سے بجلی کے حصول کے بڑے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ بہاولپور میں وسیع قطعہ اراضی پر قائد اعظم سولر پارک کے منصوبے پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ سولر پارک میں بنیادی انفراسٹرکچر فراہم کر دیا گیا ہے- پنجاب حکومت قائد اعظم سولر پارک میں 100میگا واٹ سولر پاورکا منصوبہ خود لگا رہی ہے اور سولر پاور پلانٹ سے اسی سال بجلی کا حصول شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ جرمنی کو سولر توانائی میں مہارت حاصل ہے اور ہم جرمنی کے تجربے سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔جرمنی کے سرمایہ کار پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں، انہیں اور ان کے سرمایے کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔ جرمن سفیر ڈاکٹرسیرل نن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دے کر دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں