جاوید میانداد کا استعفیٰ منظور ،ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ بھی ختم کر دیا گیا ،پی سی بی کے آئین پر نظر ثانی کیلئے سپریم کورٹ کے دو ریٹائرڈ جج صاحبان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی گئی ،بگ تھری کے معاملے پر کرکٹ اور ملک کے مفاد میں فیصلہ کرینگے،مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد سبحان احمد کی پریس بریفنگ

جمعرات 27 فروری 2014 22:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے جاوید میانداد کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ بھی ختم کر دیا ،پی سی بی کے آئین پر نظر ثانی کیلئے سپریم کورٹ کے دو ریٹائرڈ جج صاحبان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو ڈرافٹ کی تیاری کریگی جبکہ پی سی بی کے قانونی مشیر کمیٹی کی معاونت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کیا ۔ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف معاملات زیر بحث آئے ۔سبحان احمد نے بتایا کہ اجلاس میں آئی سی سی کے فیوچر کمرشل رائٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور اس پر وہ پوزیشن لی جائے گی جو پاکستان کرکٹ اور پاکستان کے مفاد میں ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے دوروں کے حوالے سے دوسرے بورڈز سے رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مینجمنٹ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ اور ریجنل ایسوسی ایشنز کی ایڈہاک کمیٹیز کے ممبران انتخابات لڑنے کے اہل نہیں ،انہیں موقع دیا گیا ہے کہ وہ 14مارچ سے قبل ریٹائر ہو جائیں اور اسکے بعد وہ انتخاب لڑنے کے اہل ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ مینجمنٹ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ چار زونز میں کوچنگ اور تربیت کا انتظام کیا جائے گا جسکے لئے سابقہ کرکٹرز کی خدمات لی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے آئین پر نظر ثانی کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ڈرافت مرتب کرے گی ۔ کمیٹی میں سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ ججز جسٹس (ر) جمشید علی شاہ اور جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر شامل ہیں جبکہ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی معاونت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بگ تھری کے معاملے پر مشاورت جاری ہے اور پوزیشن تبدیل نہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے اس سلسلہ میں سابقہ چیئرمینز سے مشاورت کی گئی ہے جو بھی فیصلہ کیا جائیگا وہ پاکستان کی کرکٹ اور پاکستان کے مفاد میں ہو ۔

انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ پی سی بی میں بھرتی میں پانچ فیصد کوئٹہ خواتین‘ اقلیتوں اور معذور افراد کا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں میچ فکسنگ کے حوالے سے رپورٹ مرتب کر لی گئی ہے لیکن یہ رپورٹ بورڈ کوموصول نہیں ہوئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں